خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا وقت کی ضرورت: امیر جماعت اسلامی ہند
اردو ای ۔میگزین ’ہادیہ ‘ اور انگریزی ای ۔میگزین ’اورا ‘ کا اجرا
نئی دلی (دعور نیوز نیٹ ورک)
جماعت اسلامی ہند کے شعبہ خواتین کی نگرانی میں شائع ہونے والا اردو ماہنامہ (ای میگزن) ’’ہادیہ‘‘ اور انگریزی ماہنامہ (ای میگزن) ’’اورا‘‘ کا مرکز جماعت، دلی میں رسم اجرا عمل میں آیا۔’’ہادیہ‘‘ کے اس پروگرام میں امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی، اسلامی معاشرہ کے سکریٹری رضی الاسلام ندوی، شعبہ خواتین کی معاون سکریٹری رحمت النساء کے بشمول معروف خواتین نے شرکت کی۔ امیر جماعت نے اپنے کلیدی خطبے میں کہا کہ اس ماہنامہ کے مطالعہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ خواتین میں بیداری لانے، دینی تربیت دینے اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں قدرت نے بے پناہ صلاحیتیں رکھی ہیں مگر ان کی صلاحیتوں کا صحیح طور پر استعمال نہیں ہو رہا ہے، خاص طور پر مسلم معاشرے میں اور عام طور پر انہیں گھر گرہستی سبھالنے کی حد تک محدود رکھا جاتا ہے جبکہ وہ ہر میدان میں بے مثال کارنامہ انجام دے سکتی ہیں۔ ہمیں حضرت عائشہؓ کے کارناموں سے سبق لینا چاہیے جنہوں نے تمام شعبہ ہائے حیات میں اہم کارنامے انجام دیے۔ ہمیں توقع ہے کہ یہ ماہنامہ خواتین کی نشاۃ ثانیہ کا ذریعہ بنے گا اور اس کے ذریعہ خواتین کی ایک باصلاحیت ٹیم تیار ہو گی۔ پروگرام کو شہناز شاذی، محترمہ زینت اختر، محترمہ شہناز بیگم، ملک کی معروف مصنفہ جاویدہ بیگم نے خطاب کیا۔ اس موقع پر میگزن کی ایڈیٹر مبشرہ فردوس نے کہا کہ آج سوشل میڈیا انسانی روابط کا اہم ذریعہ ہے اگر اس کا استعمال تعمیری ہو تو انسانیت کے لیے مفید ہے اور اگر اس کا رخ تخریبی کر دیا گیا تو نقصان دہ ہے۔ ہماری کوششیں تعمیری ہونی چاہئیں اور اس رسالے کا مقصد اسی تعمیری کوشش کو عمل میں لانا ہے۔ اس کے بعد شعبہ خواتین کی نیشنل سکریٹری عطیہ صدیقہ نے کہاکہ خواتین کے اندر جو صلاحیتیں ہیں ان کو مثبت طریقے پر ابھارنے کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹل دور میں مثبت افکار پر مبنی یہ رسالہ بر وقت اٹھایا گیا ایک اہم قدم ہے جس میں قارئین کے لیے ہمہ جہت مواد فراہم کرنے کی کوشش برقرار رکھی جائے گی۔ اس رسالے میں دنیاوی اور دینی امور سے متعلق امور شامل ہوں گے۔ اس موقع پر فاطمہ تنویر، صفیہ یاسمین اور سعدیہ یاسمین نے بھی شرکت کی۔ میگزن کو اس لنک پر دیکھا جاسکتا ہے www.haadiya.in اس کے بعد انگریزی ماہنامہ (ای میگزین) ’’ Aura‘‘ کے پروگرام میں امیر جماعت اسلامی ہند سمیت عثمانیہ یورنیورسٹی کی اسکالر اور ماہنامہ’ عورة‘ کی ایڈیٹر عائشہ سلطانہ، چیف ایڈیٹر رحمت النساء ، چیف گیسٹ ڈاکٹر سیلویا کرپاگام، جے این یو کی معاون پروفیسر ڈاکٹر غزالہ جمیل نے خطاب کیا اور سبھی نے اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔پروگرام میں انگریزی ماہنامہ کی رونمائی بھی کی گئی اور پھر پالٹیکس آف ہیلتھ اینڈ جینڈر کے عنوان پر پینل ڈسکشن منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر شیلویا گرپاگام، شرناس ماتھو، منٹل ہیلتھ کونسلر حمیدہ راشد نے شرکت کی اور پروگرام کا اختتام شیاما ایس کے شکریہ پر ہوا۔ اسے لنک www.auramag.in پر دیکھا جا سکتا ہے۔
مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، خصوصی شمارہ 14 مارچ تا 20 مارچ 2021