حکومت کو چاہیے کہ وہ چین کے لیے ایک پختہ اور مستحکم نقطۂ نظر اپنائے: امیرِ جماعت اسلامی ہند

نئی دہلی، جون 19: جماعت اسلامی ہند (جے آئی ایچ) کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے لداخ میں چینیوں کی دراندازی کی مذمت کرتے ہوئے حکومتِ ہند سے چین کے مد مقابل پختہ اور پُر عزم روش اپنانے کی اپیل کی ہے۔

جمعہ کو میڈیا کو جاری ایک بیان میں امیر جماعت نے کہا ’’ہم وادیِ گلوان، لداخ میں اپنے فوجیوں پر بلا اشتعال چینی حملے کی مذمت کرتے ہیں اور اپنے بہادر فوجیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں، جنھوں نے ہماری حفاظت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ چوں کہ صورت حال انتہائی حساس ہے، لہذا ہندوستان کو پختگی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے اور صورت حال کی طرف ایک مستحکم اور پُر عزم انداز اپنانے کی ضرورت ہے۔‘‘

سید سعادت اللہ حسین نے مزید کہا ’’ہمیں اپنی علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے اور چین کو مضبوطی سے ان تمام علاقوں کو خالی کرنے کے لیے مجبور کرنا چاہیے، جن پر اس نے غیر قانونی قبضہ کیا ہے۔ فوجی ماہرین نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ گلوان وادی کا علاقہ بہت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ وہاں مداخلت ہماری اس راہداری کو روک سکتی ہے، جو علاقے میں ہماری فوجوں کو ایک لائف لائن فراہم کرتی ہے۔ ہمیں تمام سیاسی اور سفارتی چینلز کو اپنانا ہوگا۔ ہم حکومت سے عوام، اپوزیشن اور فوجی اور سفارتی ماہرین کو اعتماد میں لینے اور اس بات کو یقینی بنانے کی درخواست کرتے ہیں کہ ہماری علاقائی سالمیت برقرار ہے۔ ہمیں اس مسئلے کے پرامن، منصفانہ اور مستقل حل کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی معیشت کی بحالی اور خطرناک وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے کام پر توجہ مرکوز کرسکیں۔‘‘