حکومت شہریت ترمیمی قانون واپس نہیں لے گی: نائب وزیر داخلہ

وارانسی: وزیر مملکت برائے داخلہ جی کشن ریڈی نے اپوزیشن پارٹیوں پر شہریت (ترمیمی) قانون کے خلاف عوام کو گمراہ کر کے انھیں پرتشدد احتجاج پر آماد ہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ قانون کسی بھی ہندوستانی کے خلاف نہیں ہے اور اسے کسی کے دباؤ میں واپس نہیں لیا جائے گا۔

دو روزہ دورے پر وارانسی پہنچے ریڈی نے دورے کے آخری دن سرکٹ ہاوس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی اے اے کے سلسلے میں اپوزیشن پارٹیوں کا طرزعمل بے حد غیر ذمہ دارانہ ہے۔اپوزیشن کی جانب سے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے اور ان کے اندر ڈر پیدا کر کے انہیں پرتشدد احتجاج کے لیے اکسایا جارہا ہے۔

انھوں نے اپوزیشن پارٹیوں سے عوام کو گمراہ کرنے سے باز آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا شہریت (ترمیمی) قانون میں جو بھی ترامیم کی گئیں ہیں ان سے کسی بھی طرح سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی نہیں ہے کیونکہ یہ ملک اور انسانیت کے حق میں اٹھایا گیا اہم قدم ہے۔

وہیں کانگریس لیڈر و سابق ایم ایل اے اجے رائے نے جی کشن ریڈی کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ انتباہ دینے سے تحریک پر اثر نہیں پڑے گا۔ عام عوام بذات خود سی اے اے کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے اور ان کے درمیان تفرقہ ڈالنے کے مقصد سے ہی بی جے پی قیادت والی مرکزی حکومت نے شہریت قانون میں ترمیم کیا ہے اور مذہب کی بنیاد پر مخصوص غیر ملکی اقلیتوں کو شہریت دینے کا قانون بنایا ہے۔

(ایجنسیاں)