جے پور:شر پسندوں نے کھوڑا بیسل گاؤں میں مسجدپر کیا حملہ،رات کے اندھیرے میں توڑ پھوڑ کی اور لگائی آگ

نئی دہلی ،11جون :۔

راجستھان میں ہندو شدت پسند تنظیموں کی سر گرمیاں ان دنوں عروج پر ہیں ،آئے دن مسلمانوں کے خلاف ریلی نکال کر ہندو اکثریت کو اکسایا جاتا ہے اور مسلمان اور اسلام کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے اشتعال انگیز نعرے لگائے جاتے ہیں ۔کہیں عازمین حج کی بسوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو کہیں پیغمبر اسلام کی شان میں سر عام ریلی نکال کر گستاخی کی جاتی ہے ۔

تازہ ترین واقعہ جے پور کے کردھنی تھانہ علاقے کے کھورابیسل میں واقع غوث اعظم مسجد اور مدرسہ کا ہے جہاں گزشتہ جمعرات کو  شر پسندوں نے آگ لگائی اور توڑ پھوڑ کی۔  مسجد کی دیوار  منہدم کر دی گئی ہے اور مدرسہ کمپلیکس کے کمروں میں آگ  لگا دی جس سے  مسجد میں رکھی چٹائیاں اور تمام سامان جل کر راکھ ہو گیا ہے۔سی سی ٹی وی کیمروں کو توڑ کر مسجد کے احاطے کی دیوار کو بھی گرا دیا گیا ہے۔ جس ڈیوائس میں ڈیٹا ریکارڈنگ کی جاتی تھی وہ بھی جل گیا ہے۔

دیر رات جب آگ کے شعلے بلند ہوئے تو مقامی لوگوں نے   پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی۔ جس کے بعد تھانہ کردھنی کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا اور ایف آئی آر درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔پولیس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور جلد ہی ملزمان کو پکڑ کر ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔

کردھنی تھانہ ایس ایچ او ہیرا لال سینی نے بتایا کہ شر پسندوں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسجد میں توڑپھوڑ کی اور دیوار کو منہدم کر دیا اور اس کے بعد سامان کو جلانے کے لئے آگ لگا دی۔آگ کے شعلے بلند ہوئے تو مقامی لوگوں نے آگ کی اطلاع  تھانے میں دی جس کے بعد فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ثبوت جمع کر کے آگے کی کارروائی کی جا رہی ہے جلد ہی شر پسندوں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔