جے این یو تشدد: سابق چانسلر نے کہا-موجودہ وائس چانسلر پوری طرح ناکام رہے ہیں

نئی دہلی: جے این یو کے سابق چانسلر اور سینئر کانگریس رہنما کرن سنگھ نے یونی ورسٹی میں ہوئے حملے پر پیر کو یونی ورسٹی کے وائس چانسلر جگدیش کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ ایسے مشکل وقت میں وہ غیر حاضر تھے اور پوری طرح ناکام رہے۔

انھوں نے کہا کہ جے این یو ملک کی بہترین یونی ورسٹی ہے اور راجدھانی کے مرکز میں ایسےمعاملے کا ہونا المیہ ہے۔

سابق مرکزی وزیر کرن سنگھ نے کہا کہ میں وزارت داخلہ سے گزارش کرتا ہوں کہ پورے معاملے کی گہرائی سے  اور غیر جانبدارانہ تفتیش کرے اوران نقاب پوش حملہ آوروں کو گرفتار کرے جنھوں نے یونی ورسٹی کے طالب علموں اور طالبات پر حملہ کیا۔ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جانا چاہیے بھلے ہی وہ کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستہ ہوں۔ انھوں نے کہا کہ جے این یو کے طالب علموں اور اساتذہ کی حفاظت کرنا دہلی پولیس کی ذمہ داری ہے۔

(ایجنسیاں)