جموں و کشمیر: شاہ فیصل نے اپنی پارٹی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیا، کہا کہ سیاست جاری رکھنے کی حالت میں نہیں ہوں

سرینگر، اگست 10: بیوروکریٹ سے سیاستدان بنے شاہ فیصل جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کے صدر کے عہدے سے سبکدوش ہو گئے

فیصل فی الحال سری نگر میں نظر بند ہیں۔

پارٹ کے ایک بیان کے مطابق فیصل نے کہا کہ وہ سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ ’’تنظیم کی ذمہ داریوں سے آزاد ہو جائیں۔‘‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصل کے استعفی کو جے کے پی ایم کی ریاستی ایگزیکیٹو کمیٹی کے ایک آن لائن اجلاس میں باضابطہ طور پر قبول کرلیا گیا، جو جموں وکشمیر میں جاری سیاسی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کے لیے منعقد ہوا تھا۔

فیصل بھی وادی کے ان سیکڑوں سیاسی رہنماؤں میں شامل تھے جنھیں گذشتہ سال ریاست کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد تحویل میں لیا گیا تھا۔ فروری میں ان پر سخت پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ حکومت کے مطابق ان پر اپنے سوشل میڈیا پوسٹوں اور مضامین کے ذریعے ’’نرم علاحدگی پسندی‘‘ کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔