جامعہ ملیہ اسلامیہ علمی ترقی کی جانب رواں دواں
ریسرچ اسکالر محمد ناظم کو بیسٹ پیپر ایوارڈ 2020 سے نوازا گیا
(دعوت نیوز نیٹ ورک)
دلی میں واقع جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پوری دنیا میں ملک کی بہترین نمائندگی کے لیے وہ ہمیشہ تیار ہے۔ جامعہ کی سو سالہ تاریخ اس کی تابناکی کی گواہ ہے۔ حال ہی میں کمپیوٹر سائنس اینڈ ٹکنالوجی ڈسپلین (Computer Science and Technology discipline) میں پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالر محمد ناظم کو بیسٹ پیپر ایوارڈ 2020 سے سرفراز کیا گیا جو کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کی شاندار کارکردگی کا آئینہ دار ہے۔
محمد ناظم پروفیسر چودھری ولی محمد کی نگرانی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اپلائیڈ سائنسز اور ہیومینٹیز کے شعبہ انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (Applied Sciences and Humanities, Faculty of Engineering and Technology) کی فیکلٹی کے تحت ریسرچ کر رہے تھے۔ امریکہ کے IEEE انڈسٹری اپلیکیشن سوسائٹی(IEEE Industry Applications Society, USA) کی جانب سے یہ مقابلہ اسپانسر کیا گیا تھا جبکہ گریٹر نوئیڈا اور دلی این سی آر میں واقع گیلگوٹیاس یونیورسٹی (Galgotias University) کی طرف سے مقابلے کا انعقاد کیا گیا تھا۔ محمد ناظم کو ورچوول کانفرنس میں پیش کردہ "سافٹ ویئر کے تقاضوں کے لیے ترجیحی بنیاد پر ڈیٹاسیٹس تیار کرنا” کے عنوان سے اپنے تحقیقی مقالہ کے لیے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ واضح ہو کہ 13 اگست 2020 کی وزارت تعلیم کی جانب سے مرکزی یونیورسٹیوں کی گریڈنگ اسکورنگ کارکردگی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ نے 90 فیصد کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کو قومی ادارہ جاتی رینکنگ فریم ورک (این آئی آر ایف) 2020 کی پہلی دس سرفہرست یونیورسٹیوں میں بھی شامل کیا جا چکا ہے۔
مشمولہ: ہفت روزہ دعوت، نئی دلی، خصوصی شمارہ 28 فروری تا 6 مارچ 2021