تبلیغی جماعت کے سربراہ نے ممبروں سے کوویڈ 19 کے مقابلے میں پلازما کے لیے خون کا عطیہ کرنے کو کہا

نئی دہلی، اپریل 22: تبلیغی جماعت کے سربراہ محمد سعد نے منگل کے روز اپنی تنظیم کے ممبروں سے ملاقات کی اور ان سے کہا کہ وہ متاثرہ اور زیر علاج افراد کے لیے خون کا پلازما عطیہ کریں۔

محمد سعد نے تبلیغی جماعت کے ممبران سے اپیل کرتے ہوئے کہا ’’اس بحران کے وقت لوگوں کی ضروریات، خوراک اور ضروری اشیا کا خیال رکھنا اور ان کی فلاح و بہبود خصوصاً غریب اور مسکین افراد کی دیکھ بھال کرنا ضروری ہے۔ لیکن اس سے بھی بڑی ذمہ داری جو ہمارے پاس اس وقت ہے وہ ایک بیمار شخص کی جان بچانا ہے اور اپنی جان اور مال خرچ کرنا ہے تاکہ وہ خوفناک بیماری سے بچا جاسکے۔‘‘

انھوں نے کہا ’’ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے افراد جو اب اس بیماری سے ٹھیک ہو گئے ہیں وہ دوسروں کو خون کا پلازما عطیہ کریں جو اب بھی اس بیماری سے لڑ رہے ہیں اور زیر علاج ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ ملک میں انفیکشن کی کل تعداد تقریباً 19،000 تک پہنچ چکی ہے اور 600 سے زائد کوویڈ 19 کی وجہ سے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

تبلیغی جماعت کے صدر محمد سعد، جن پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منی لانڈرنگ کے لیے پچھلے ہفتے مقدمہ درج کیا تھا، ابھی قرنطینہ میں ہیں۔

گذشتہ ہفتے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا تھا کہ ان کی حکومت کو مرکز سے پلازما کی تکنیک کا ٹیسٹ شروع کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ اگر یہ تجربہ کامیاب ہوا، تو کوویڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لیے پلازما تھیرپی کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کوویڈ 19 کا فی الحال کوئی علاج نہیں ہے اور پلازما تھیرپی ایک تجرباتی طریقۂ کار ہے۔