بی جے پی رہنما سبرامنیم سوامی نے بابری مسجد انہدام کیس کو ’’احمقانہ‘‘ کہتے ہوئے کیس بند کرنے کا مطالبہ کیا، سوامی نے دعویٰ کیا کہ ’’اس کی تعمیرِنو کے لیے ایک موجود مندر کو مسمار کیا گیا تھا‘‘
نئی دہلی، جولائی 21: سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 1992 میں بابری مسجد انہدام کیس میں 24 جولائی کو اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے 92 سالہ بی جے پی رہنما اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کو طلب کیاہے۔
ٹائمس ناؤ کی خبر کے مطابق اس معاملے میں راجیہ سبھا کے رکن پارلیمان سبرامنیم سوامی نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی سے دونوں تجربہ کار رہنماؤں کو ایودھیا لے جانے سے قبل اس معاملے کو بند کرنے کی اپیل کی۔
سوامی نے ٹویٹر پر کہا ’’اڈوانی، جوشی وغیرہ کو ایودھیا لے جانے سے پہلے وزیر اعظم کو بابری مسجد انہدام کے احمقانہ کیس کو بند کرنے کا حکم دینا چاہیے۔‘‘
سوامی نے دعوی کیا کہ اگر اڈوانی اور جوشی اس فعل میں ملوث تھے تو وہ اس سائٹ پر ’’موجود ایک مندر کو دوبارہ تعمیر کرنے میں‘‘ مدد کررہے تھے۔