بی جے پی حزب اختلاف کے زیر اقتدار تمام ریاستوں کی حکومت کو گرانے کی سازش کررہی ہے: ممتا بنرجی

کولکاتا، جولائی 21: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیرقیادت مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ حزب اختلاف کے زیر اقتدار ریاستوں کی منتخب حکومتوں کو گرانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں اور ’’پیسے کی طاقت‘‘ کا استعمال کر رہی ہے۔

ان کا یہ بیان راجستھان میں جاری سیاسی ہنگامے کے درمیان سامنے آیا ہے۔

’’یوم شہدا‘‘ کے موقع پر ترنمول کانگریس کی ورچوئل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی ریاستی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی ’’سازش‘‘ کررہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا ’’بی جے پی ملک میں اب تک کی سب سے زیادہ تباہ کن جماعت ہے۔ جب ملک کورونا وائرس وبائی بیماری سے لڑنے میں مصروف ہے، ایسے میں بی جے پی مدھیہ پردیش کے بعد راجستھان اور مغربی بنگال کی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف ہے۔‘‘

تاہم بنرجی نے یہ دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال اپنے عوام کے ذریعے چلایا جائے گا، نہ کہ بیرونی لوگوں کے ذریعے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق انھوں نے الزام لگایا کہ مرکز نے ان کی ریاست کو وسائل سے محروم کردیا ہے، لیکن لوگ اپن کی ریاست کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے لیے بی جے پی کو بھرپور جواب دیں گے۔

انھوں نے مزید کہا ’’ہم اگلے سال اسمبلی انتخابات جیت کر اس ذلت کا بدلہ لیں گے۔ باہر والوں کو بنگال چلانے کی اجازت نہیں ہوگی… بنگال بنگالی کے ذریعے ہی چلایا جائے گا۔‘‘

بی جے پی کی طرف بالواسطہ اشارہ کرتے ہوئے بنرجی نے کہا کہ ’’ایک پارٹی‘‘ ہندوؤں اور مسلمانوں میں فرقہ وارانہ بد نظمی بھڑکانے کی کوشش کر رہی ہے۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں ’’مہاجر سے لے کر شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والا ہر شخص برابر ہے۔ لیکن ملک میں فرقہ وارانہ عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ایک پارٹی ہندو مسلم فسادات بھڑکانے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ 1993 میں اس وقت کی بائیں بازو کی حکومت کے خلاف بنرجی کے زیرقیادت مظاہرہ کے دوران پولیس فائرنگ میں 13 افراد کی ہلاکت کی یاد میں ترنمول کانگریس ہر سال 21 جولائی کو ’’یوم شہدا‘‘ ریلی نکالتی ہے۔