بہار میں سیلاب کی صورت حال شدید، 16 اضلاع میں 80 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر، دیگر ریاستیں بھی سیلاب اور تیز بارش سے متاثر
پٹنہ، اگست 24: ریاستی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز بہار میں سیلاب کی صورت حال شدید رہی۔ ریاست کے 16 اضلاع میں 83.62 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
ریاست کے ڈیزاسٹر منیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ 16 اضلاع میں اب تک 27 افراد سیلاب کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ بہار کی بیش تر ندیوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے، گنگا کچھ مقامات پر خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔
وہیں آندھرا پردیش میں بھی سیلاب کی صورت حال تشویش ناک رہی۔ گوداوری ندی میں تیزی آرہی ہے اورمشرقی اور مغربی گوداوری اضلاع میں امدادی کیمپوں نے 60،000 سے زیادہ مقامی افراد کو پناہ دی ہے۔
دریں اثنا اتوار کے روز گجرات کے متعدد حصوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں کئی خطوں میں پانی جمع ہو گیا اور معمول کے کام میں خلل واقع ہوا۔
ہندوستان کے محکمۂ موسمیات نے پیر کے روز راجستھان، سوراشٹر اور کچ کے خطے کے لیے سرخ زمرے کا انتباہ جاری کیا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق خطے میں انتہائی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ اتوار کے روز راجستھان اور گجرات کے کچھ حصوں میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔