ایودھیا میں رام مندر ’’بھومی پوجن‘‘ کو 5 اگست کو ہونا طے، کیا اڈوانی اورجوشی مہمانوں کی فہرست میں شامل نہیں؟

نئی دہلی، جولائی 22: 5 اگست کو ایودھیا میں رام مندر کے ’’بھومی پوجن‘‘ کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد ایسی خبریں آرہی ہیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ایل کے اڈوانی سمیت بی جے پی کے دیگر بڑے رہنما اس میں شامل ہوں گے۔

حکومت کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم کو واقعتاً مدعو کیا گیا ہے، لیکن ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ آیا وہ ’’بھومی پوجن‘‘ میں شریک ہوں گے یا نہیں۔

رام جنم بھومی ٹرسٹ اور یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی وزیر اعظم کو دعوت دی ہے، لیکن وزیر اعظم کی شمولیت کی تصدیق ابھی نہیں ہوئی ہے۔

اس دوران ذرائع کے مطابق تقریب میں شرکت کرنے والے اڈوانی جیسے دیگر سابق رہنماؤں کے بارے میں رپورٹس کی کوئی سند نہیں ہے۔ حالاں کہ ٹرسٹ، جو مندر کی تعمیر کی نگرانی کے لیے مرکز کے ذریعے تشکیل دیا گیا ہے، کا دعوی ہے کہ انھوں نے رام مندر کی تحریک میں سب سے آگے رہنے والے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی جیسے رہنماؤوں کو مدعو کیا ہے، لیکن ان سینئر رہنماؤں کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

انھوں نے کہا ’’کوئی کیسے یہ اطلاع دے سکتا ہے کہ اڈوانی جی وزیر اعظم کے ساتھ جائیں گے جب انھیں دعوت نامہ بھی نہیں ملا ہے۔ کسی نے بھی ان سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ یہاں تک کہ جوشی کو بھی کوئی دعوت نامہ نہیں ملا۔‘‘

واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کو بابری مسجد انہدام کیس میں اپنے بیانات ریکارڈ کروانے کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں پیش ہونا ہے۔ جوشی 23 جولائی اور اڈوانی کے ایک دن بعد اپنا بیان ریکارڈ کروانے والے ہیں۔