ایودھیا میں بننے والی مسجد کے ٹرسٹ کے ذریعے وزیر اعلیٰ یوگی کو سنگ بنیاد کی تقریب کے لیے مدعو کیا جائے گا، یوگی کا کہنا ہے کہ مدعو کیا گیا تو بھی شرکت نہیں کروں گا
لکھنؤ،اگست 8: اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو ریاستی سنی سنٹرل وقف بورڈ کے ذریعہ تشکیل دیے گئے ایک ٹرسٹ کے عہدیدار کے مطابق ٹرسٹ کے ذریعے ایودھیا کے دھنّی پور گاؤں میں تعمیر ہونے والی ایک مسجد میں مختلف عوامی سہولیات کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔
عہدیدار نے بتایا کہ ’’دھنّی پور گاؤں میں پانچ ایکڑ اراضی پر، جو سپریم کورٹ کی ہدایت پر مسجد کی تعمیر کے لیے دی گئی ہے، ایک اسپتال، ایک لائبریری، ایک کمیونٹی کچن اور ایک ریسرچ سنٹر بھی تعمیر کیا جائے گا۔
ٹرسٹ کے سکریٹری اور ترجمان اطہر حسین نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو ان منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے مدعو کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلی نہ صرف شرکت کریں گے بلکہ ان عوامی سہولیات کی تعمیر میں مدد بھی فراہم کریں گے۔
اس سوال پر کہ کیا یوگی آدتیہ ناتھ مسجد کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے، حسین نے کہا کہ اسلام کے چاروں مکاتب فکر، حنفی، حنبلی، شافعی اور مالکی میں سے کسی ممیں مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کا کوئی رواج نہیں ہے۔
دریں اثنا اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ اگر انھیں مدعو کیا گیا تو بھی وہ اس مسجد کی افتتاحی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے جس کی سپریم کورٹ ایودھیا میں تعمیر چاہتی ہے۔
آدتیہ ناتھ نے کہا کہ وہ وزیر اعلی کی حیثیت سے شرکت کر سکتے تھے لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے کیوں کہ وہ ایک ’’یوگی‘‘ اور ’’ہندو‘‘ ہیں۔