ایودھیا: انتظامیہ نے اشفاق اللہ خاں کے یوم شہادت پر منعقد ہو نے والی تقریبات پر لگائی روک

شہریت ترمیم قانون کے خلاف مظاہرہ کےخدشہ سے ڈرے ایودھیا کی ضلع اور جیل انتظامیہ نے ایک غیر متوقع اور غیرمعمولی  قدم اٹھاکر وہاں جیل احاطہ میں واقع اشفاق اللہ خاں کی  شہادت کےمقام پر 19 دسمبر یعنی ان کےیوم شہادت کی یاد میں منعقد سبھی تقاریب پر روک لگا دی ہے۔ عام لوگوں کے لیے وہاں پہنچ‌ کر شہید کے مجسمہ پر گل پوشی یا اظہار عقیدت پر بھی روک ہے۔آزاد ہندوستان کی تاریخ میں1967کے بعدیہ پہلا موقع ہے جب اشفاق اللہ خان کے یوم  شہادت پر ان کی یاد میں نصب مجسمہ کے آس پاس سناٹا رہا اور اس کو انتظامیہ کی گل پوشی  سے ہی صبر کرناپڑا۔

ضلع جیل کے سپرنٹنڈنٹ برجیش کمار نے ایک ریلیز میں بتایا کہ اشفاق اللہ خاں میموریل شہید شودھ سنستھان کے زیر اہتمام مذکورہ مقام پر پچھلے کئی سالوں سے ہوتی آ رہی تقریب روک دی گئی ہے۔ساتھ ہی کسی دوسرےادارہ کو بھی وہاں کسی پروگرام کے انعقاد کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا گیا کہ جیل انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ مل‌کر وہاں اشفاق کا یوم شہادت منا رہے ہیں، لیکن جیل کے بند دروازوں کےپیچھے مبینہ طور پر منعقد ان کی تقریب میں اس عوام کی علامتی شرکت کی بھی فکر نہیں کی گئی ہے، جس کی آزادی کے لیے اشفاق نے شہادت دی۔