اسپتال سے زیادہ مندر کلچر کی ضرورت ہے: دلیپ گھوش

کولکاتا، اگست 8: مغربی بنگال کے بی جے پی صدر دلیپ گھوش نے 8 اگست کو ایودھیا میں رام مندر کے سنگ بنیاد کی مخالفت کرنے والے اور اس کے بجائے ایک اسپتال کی تعمیر کی حمایت کرنے والوں پر تنقید کی اور کہا کہ ’’اسپتال کی ثقافت سے زیادہ مندر کی ثقافت کی ضرورت ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ایودھیا میں اسپتال کے حق میں بولنے والے خود لوگوں کو صحت کی مناسب دیکھ بھال فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

مسٹر گھوش نے کسی شخص یا پارٹی کا نام لیے بغیر کہا کہ جو لوگ اپنے مذہب کے بارے میں بولنے سے ڈرتے ہیں وہ رام مندر کی تعمیر کے خلاف بات کر رہے ہیں۔ لیکن جو لوگ اپنے عقیدے پر فخر کرتے ہیں اور بھگوان رام کی پوجا کرتے ہیں وہ اس کی حمایت کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا ’’رام مندر کی مخالفت کرنے والے افراد (ایودھیا میں) اسپتال بنانے کی بات کررہے ہیں۔ وہ اس احساس سے محروم ہیں کہ اسپتال کی ثقافت سے زیادہ مندر کی ثقافت کی ضرورت ہے۔‘‘

گھوش نے مزید کہا ’’میرے خیال میں اسپتال کی ثقافت کے بجائے مندر کلچر ہونا چاہیے، کیوں کہ مندر ہماری ثقافت اور روایت کا ایک حصہ ہے۔ اس کے علاوہ ایودھیا میں رام مندر بالکل مختلف ہے کیونکہ یہ ہمارے ملک کا فخر اور اعزاز ہے۔‘‘