اسرائیل فلسطین جنگ:اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 700  سے تجاوز، 413 فلسطینی شہید

تل ابیب،09اکتوبر :۔

اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری حالیہ جنگ میں حالات مزید دیگر گوں ہوتے جا رہے ہیں ،دونوں طرف سے زبر دست جوابی کارروائی کا دعویٰ کیا جا رہا ہے ۔ میڈیا رپورٹوں کی تازہ اطلاع کے مطابق  حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 700 جبکہ فلسطینی شہداءکی تعداد 413 ہوگئی ہے۔

ہفتہ کے روز شروع ہونے والی لڑائی اتوار کو بھی سارا دن جاری رہی۔ اسرائیل پر غیر متوقع حملے کے بعد حزب اللہ بھی لبنان سے صہیونی ریاست کو نشانہ بنارہی ہے۔ حماس کے جنگجو اب بھی اسرائیلی مقبوضہ علاقوں کے اندر موجود ہیں جہاں انکی کئی مقامات پر اسرائیلی فوج سے دو بدو جھڑپیں ہورہی ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے اچانک حملے کے بعد سے اسرائیلی فوج اب تک سنبھل نہیں پائی ہے۔ مختلف جھڑپوں میں اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تعداد 700 سے تجاوز کرگئی جن میں سیکڑوں فوجی اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بزدلانہ کارروائی میں غزہ میں حماس کے کمانڈرز کے گھروں پر رات بھر بمباری کی۔ ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں۔ ان حملوں میں بچوں سمیت 413 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا رپورٹوں کے مطابق لبنان کی حزب اللہ نے اسرائیلی سرزمین پر مارٹر شیلز سے حملے کیے جس میں بڑے پیمانے پر اسرائیلیوں کی ہلاکتوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اسرائیل نے بھی لبنان پر میزائل داغے تاہم کسی نقصان کی اطلاع تاحال موصول نہیں ہوئی۔

اقوام متحدہ سمیت عالمی قوتوں نے اسرائیل اور حماس سے تحمل سے کام لینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے دونوں کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے عالمی قوتوں کے مطالبے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے غزہ میں حماس کے ٹھکانوں کو ملیا میٹ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے اسرائیلی شہریوں کو 24 گھنٹوں میں غزہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہے غزہ میں کامیابی کے بعد یہ جنگ مغربی کنارے اور یروشلم تک جائے گی اور اپنی سرزمین سے قابضین کے خاتمے تک جاری رہے گی۔