اسرائیل،فلسطین جنگ:سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم،متعدد اراکین نے حماس کے حملے کی مذمت سے انکار

اقوام متحدہ ،09 اکتوبر :۔

اسرائیل فلسطین کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس بے نتیجہ رہا، باضابطہ قرارداد پیش نہ ہوسکی، مشترکہ اعلامیہ یا بیان تک جاری نہ ہو سکا۔امریکہ اور اسرائیل کے مطالبے کے باوجود کئی اراکین نے حماس کے حملوں کی مذمت نہیں کی۔امریکہ نے سلامتی کونسل اجلاس میں اتفاق رائے نہ ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق روس نے سلامتی کونسل کے دیگر رکن ملکوں سے اتفاق نہیں کیا۔روسی سفیر نے کہا کہ اجلاس میں فوری جنگ بندی اور بامعنی مذاکرات پر زور دیا، سلامتی کونسل فلسطین سے متعلق دہائیوں پہلے طے معاہدے پر عمل کرے۔

چین کے سفیر نے کہا کہ یہ غیر معمولی بات ہے کہ سلامتی کونسل نے کچھ نہیں کہا، عام شہریوں کے خلاف کیے گئے تمام حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

حماس اسرائیل جنگ پر چین نے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے تشدد اور کشیدگی پر گہری تشویش ہے۔ اسرائیل فلسطین تنازع کا حل دو ریاستوں کا قیام پر عمل درآمد اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے، عالمی برادری کو ہنگامی بنیادوں پر ایکشن  لینا چاہئے۔

دریں اثنا سعودی عرب نے اسرائیل اور حماس کی لڑائی پر امریکہ، یورپی یونین سمیت کئی ممالک سے رابطے کئے ہیں۔ پوپ فرانسس نے اسرائیل اور حماس سے کارروائیاں روکنے کا مطالبہ، یمن، کویت، ایران، عراق، ترکیہ، اردن، لبنان اور دیگر مسلم ممالک میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔