ادھو ٹھاکرے نے اسمبلی میں ثابت کی اکثریت، بی جے پی نے کیا واک آؤٹ

نئی دہلی، نومبر 30— مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے کی زیرقیادت شیوسینا- این سی پی- کانگریس کی اتحادی حکومت نے ہفتہ کو آسانی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔ اس دوران بی جے پی نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

مہا وکاس اگھاڑی یا تینوں پارٹیوں کے اتحاد نے 288 رکنی اسمبلی میں 145 کے نصف نمبر سے بالترتیب 169 ووٹوں کے ساتھ ٹرسٹ ووٹ حاصل کیا۔ جہاں تینوں جماعتوں کے ساتھ مل کر 154 ایم ایل اے ہیں، کچھ چھوٹی جماعتوں جیسے سماج وادی پارٹی اور بہوجن وکاس اگھاڈی اور کچھ آزاد امیدواروں نے بھی اتحاد کی حمایت کی ہے۔ جب کہ 105 ایم ایل اے کے ساتھ بی جے پی ایوان سے واک آؤٹ کر گئی۔ بی جے پی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے دلیپ والس پاٹل کے عارضی اسپیکر بنانے کے انتخاب کے خلاف سراپا احتجاج تھی۔ تاہم ٹرسٹ ووٹ ختم ہونے کے ساتھ ہی ، ایک ماہ طویل حکومت کی غیر یقینی صورت حال بھی ختم ہوگئی۔

جمعرات کے روز شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر کی سیاست کی تاریخ میں ایک نیا باب شامل کیا جب انہوں نے ریاست کے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا۔ جمعرات کو ٹھاکرے کے علاوہ، شیوسینا، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) اور کانگریس سے تعلق رکھنے والے چھ سیاست دانوں کو بھی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے نومنتخب مہا وکاس اگھاڈی کے وزیروں کی حیثیت سے حلف دلایا۔ حلف لینے والے وزرا میں سینا کے ایکناتھ شندے اور سبش دیسائی، این سی پی کے جینت پاٹل اور چھگن بھجبل اور کانگریس کے بالاصاحب تھوراٹ اور نتن راوت شامل ہیں۔