ابھی تک ہمارے کسی بھی ڈاکٹر میں کوویڈ 19 کی تصدیق نہیں ہوئی، اسپتال کو سیل نہیں کیا گیا: الشفا اسپتال کے حکام نے افواہوں کو خارج کیا

نئی دہلی، اپریل 20: سوشل میڈیا پر پھیلتی افواہوں کو خارج کرتے ہوئے دہلی کے جامعہ نگر علاقے میں الشفا ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کے حکام نے انڈیا ٹومورو کو بتایا کہ ابھی تک اسپتال میں کورونا وائرس کا کوئی تصدیق شدہ واقعہ موجود نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہاں ایک ڈاکٹر سے متعلق ایک مشتبہ معاملہ ہے اور سرکاری حکام اسے قرنطینہ مرکز لے گئے ہیں۔

انھوں نے ان سوشل میڈیا افواہوں کو بھی خارج کر دیا کہ الشفا کو سیل کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنگامی خدمات اسپتال میں کھلی ہیں لیکن عام ڈاکٹروں اور عملے کی عدم دستیابی کی وجہ سے او پی ڈی کی عام خدمات کو کم کردیا گیا ہے۔

الشفا ملٹی اسپیشلٹی ہسپتال کے ڈائریکٹر ایم عبد النظر نے ڈاکٹر کے مشتبہ کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ’’یہ ابھی تک تصدیق شدہ کیس نہیں ہے۔ یہ ایک مشتبہ معاملہ ہے۔ حکام نے جانچ کے نتائج ہمیں یا ڈاکٹر کو جاری نہیں کیے ہیں۔ نوڈل آفیسر اسے قرنطینہ مرکز لےگئے ہیں۔‘‘

اسپتال کو سیل کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پوسٹوں کو خارج کرتے ہوئے عبد النظر نے کہا ’’ہم مریضوں کا علاج کر رہے ہیں۔ یہ صرف افواہ ہے کہ الشفا کو بند کردیا گیا ہے۔ ہنگامی خدمات جاری ہیں۔ کچھ ڈاکٹر اور عملہ اسپتال نہیں پہنچ پائے، لہذا ہم نے عام او پی ڈی کو محدود کیا ہے۔‘‘

اسپتال کے جوائنٹ سکریٹری اور رابطہ افسر رفیق احمد نے بھی کہا ’’یہ ایک مشتبہ معاملہ ہے۔ ہسپتال سیل یا بند نہیں کیا گیا ہے۔ یہ محض افواہ ہے۔ ہمیں بھی حکام کی طرف سے کوئی ہدایت نامہ نہیں ملا ہے۔‘‘

پچھلے ہفتے الشفا کے حکام نے خود ایک ڈاکٹر اور اس کی ٹیم کو گھر پر قرنطینہ میں بھیجا، جب انھیں معلوم ہوا کہ انھوں نے ایک ایسے مریض کو دیکھا تھا، جو بعد میں کورونا وائرس مثبت پایا گیا۔

احمد نے بتایا ’’ہم نے خود ایک ڈاکٹر اور اس کی ٹیم کو گھر پر قرنطینہ میں بھیجا، جب ہمیں معلوم ہوا کہ انھوں نے ایک ایسے مریض کو دیکھا تھا، جو بعد میں کورونا وائرس مثبت پایا گیا تھا۔‘‘

دریں اثنا الشفا اسپتال نے اپنی ویب سائٹ پر نوٹ شائع کیا ہے کہ کورونا وائرس وبائی مرض کے پیش نظر فزیکل او پی ڈی کو بند کردیا گیا ہے اور اس کی جگہ ٹیلیفونک او پی ڈی مشاورت کا آغاز کردیا گیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے ’’انتظامیہ نے COVID-19 انفیکشن کو روکنے کے لیے معمول کے او پی ڈیز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہنگامی محکمہ اور ہنگامی خدمات شب و روز جاری رہیں گی۔ جنرل میڈیسن، پیڈیاٹرکس، او بی ایس اور گائنا اور جنرل سرجری کے لیے ٹیلیفونک او پی ڈی مشاورت کے عارضی انتظامات دستیاب کردیے گئے ہیں۔‘‘

دریں اثنا اتوار کے روز دہلی میں کورونا وائرس کے کیسوں کی کل تعداد 2000 کے ہندسے کو عبور کر گئی۔ شہر میں 110 نئے کیس دیکھے گئے۔ 2003 کل کیسوں میں سے 1668 فعال ہیں، 290 صحت یاب ہوئے ہیں اور 45 کی موت ہوگئی ہے۔