مغربی بنگال: بی جے پی لیڈر کی جانب سے منعقدہ تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے تین افراد ہلاک، پانچ زخمی

نئی دہلی، دسمبر 15: بدھ کو مغربی بنگال کے آسنسول میں کمبل تقسیم کرنے کی ایک تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے تین افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے۔

دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق اس تقریب کا اہتمام بھارتیہ جنتا پارٹی کی کونسلر چیتالی تیواری نے شیو چرچا نامی مذہبی تنظیم کے بینر تلے کیا تھا۔

اپوزیشن لیڈر اور بی جے پی ایم ایل اے سووندو ادھیکاری اور ایم ایل اے جتیندر تیواری نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ تاہم یہ واقعہ ادھیکاری کے پنڈال سے نکل جانے کے بعد پیش آیا۔

مغربی بنگال پولیس نے کہا کہ اس تقریب کے لیے کوئی اجازت نہیں لی گئی تھی۔ لیکن تیواری نے کہا کہ پولیس نے اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق تیواری نے کہا ’’یہ الزام کی سیاست میں ملوث ہونے کا وقت نہیں ہے۔ آج ہمیں ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔‘‘

ادھیکاری نے الزام لگایا کہ ان کے پنڈال سے نکلنے کے بعد پولیس کی طرف سے کئے گئے انتظامات کو واپس لے لیا گیا۔

ادھیکاری نے ایک بیان میں کہا ’’یہاں تک کہ شہری رضاکاروں کو بھی ان کے اعلیٰ افسران نے مقام چھوڑنے کے لیے کہا تھا۔ میں اس سانحے کے لیے کسی پر الزام نہیں لگا رہا ہوں۔ یہ ہولناک واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے تھا اور ہلاکتیں اور زخمی ہونا انتہائی افسوسناک اور المناک ہے۔‘‘

ترنمول کانگریس نے پولیس سے اجازت نہ ملنے کے باوجود اس پروگرام کے انعقاد پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ترنمول کے ریاستی جنرل سکریٹری کنال گھوش نے کہا ’’بی جے پی کے لیڈر جو اس مقام پر موجود تھے، انھیں اور تقریب کے منتظم کو اس بدقسمت واقعہ کے لیے ذمہ دار ٹھہرانا چاہیے۔ اگر اس کے لیے اجازت نہیں دی گئی تھی تو انھوں نے تقریب کا انعقاد کیوں کیا؟‘‘