مغربی بنگال اسمبلی انتخابات: سویندو ادھیکاری کے والد بھی امت شاہ کی ریلی کے دوران بی جے پی میں شامل

مغربی بنگال، مارچ 21: آج ترنمول کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ سیسر ادھیکاری نے اپنے بیٹوں سووندو ادھیکاری اور سومیندو ادھیکاری کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

وہ مشرقی مدینی پور کے ایگرا میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ریلی میں بھگوا جماعت میں شامل ہوئے۔ سیسر ادھیکاری نے ریلی میں ’’جے سیا رام، جے بھارت‘‘ کا نعرہ لگایا اور کہا ’’بنگال کو مظالم سے بچائیں، ہم آپ کے ساتھ ہیں، ہمارا کنبہ آپ کے ساتھ ہے۔‘‘

ایگرا روانگی سے قبل سیسر ادھیکاری، جو مغربی بنگال کے مشرقی مدینی پور ضلع میں کافی اثر و رسوخ رکھتے ہیں، نے کہا تھا کہ انھیں اپنا رخ تبدیل کرنے پر مجبور کیا گیا، کیوں کہ ٹی ایم سی کے رہنماؤں نے ان کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں چھوڑا۔ انھوں نے کہا کہ وہ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے خلاف ’’مدینی پور کے وقار کو بچانے‘‘ کے لیے زبردست لڑائی لڑیں گے۔

انھوں نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’انھوں نے (ٹی ایم سی قائدین) نے مجھے بی جے پی میں شامل ہونے پر مجبور کیا۔ انھیں اپنی مرضی کرنے دیں اور میں جو کر سکتا ہوں وہ کروں گا۔‘‘

انھوں نے زور دے کر کہا کہ ان کا بیٹا سووندو ادھیکاری واضح فرق سے نندی گرام کی نشست جیتے گا۔ معلوم ہو کہ سووندو ادھیکاری کا مقابلہ نندی گرام میں ممتا بنرجی کے ساتھ ہے۔ سیسر ادھیکاری نے کہا ’’سووندو بہت بڑے فرق سے انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گا۔ ٹی ایم سی کا مشرقی مدینی پور سے صفایا کردیا جائے گا۔‘‘

ترنمول کانگریس 27 مارچ سے 29 اپریل تک ریاست میں آٹھ مرحلے کے انتخابات سے قبل کافی حد تک عدم استحکام کا شکار رہی ہے۔

دسمبر میں سووندو ادھیکاری کے پارٹی چھوڑنے کے بعد سے حکمران جماعت کے لیے سیاسی بحران کا آغاز ہوا۔ جس کے بعد پارٹی کے کئی اہم لیڈران نے بی جے پی شمولیت اختیار کر لی اور یہ سلسل اب بھی جاری ہے۔