مغربی بنگال: بی جے پی لیڈر سووندو ادھکاری اور ان کے بھائی کے خلاف امدادی سامان چوری کرنے کا مقدمہ درج

نئی دہلی، جون 6: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق مغربی بنگال کے مشرقی میدینی پور ضلع میں کانتھی بلدیہ کے دفتر سے مبینہ طور پر امدادی سامان چوری کرنے کے الزام میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر سووندو ادھیکاری اور ان کے بھائی سومیدو ادھیکاری کے خلاف پہلی معلوماتی رپورٹ درج کی گئی ہے۔

یہ ایف آئی آر کانتھی میونسپل ایڈمنسٹریٹو بورڈ کے ممبر رتن پردیپ مَنّا کی شکایت پر درج کی گئی ہے۔ پردیپ نے منگل کے روز درج کی گئی اپنی شکایت میں کہا ہے کہ ’’29 مئی 2021 کو سووندو ادھیکاری اور ان کے بھائی اور کانتھی بلدیہ کے سابق میونسپل چیف سومیدو ادھکاری کی ہدایت کے مطابق سرکاری ٹرپل [کینوس]، جس کی قیمت تقریباً لاکھوں روپے ہے، کو میونسپلٹی دفتر کے گودام سے زبردستی اور غیر قانونی طور پر تالے کھول کر ے جایا گیا۔‘‘

پردیپ منّا نے یہ بھی الزام لگایا کہ سووندو ادھیکاری، جو مغربی بنگال اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما بھی ہیں، اور ان کے بھائی نے اس چوری میں اپنی سیکیورٹی سےسنٹرل آرمڈ فورسز کا استعمال کیا۔

یکم جون کو، جب یہ شکایت درج کی گئی تھی، کولکاتا پولیس نے ایک الگ دھوکہ دہی کے معاملے میں سووندو ادھیکاری کے قریبی ساتھی رکھل بیرا کو گرفتار کیا تھا۔ شکایت کنندہ نے الزام لگایا تھا کہ بیرا نے انھیں 2019 میں مغربی بنگال کی آبپاشی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت میں ملازمت دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اس نے ان سے دھوکہ کیا۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ اس نے بیرا کو 2 لاکھ روپے ادا کیے لیکن نوکری نہیں ملی۔

معلوم ہو کہ سووندو ادھیکاری بھگوا پارٹی میں شامل ہونے سے قبل سابقہ ​​حکومت میں وزیر اعلی ممتا بنرجی کے ​​معاون اور کابینہ کے وزیر تھے۔ ریاستی اسمبلی انتخابات میں ادھیکاری اور بنرجی ایک دوسرے کے خلاف کھڑے ہوئے تھے۔ نندیگرام سیٹ سے انھوں نے ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کیا تھا، جہاں ادھیکاری نے بنرجی کو تقریباً 2،000 دو ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی۔