کانگریس صدر کے عہدے کے لیے 17 اکتوبر کو تلک بھون میں ووٹنگ: بی پی سنگھ

نئی دہلی، اکتوبر 12: کانگریس صدر کے عہدے کے لیے 17؍اکتوبر کو ووٹنگ ہونی ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ایک ٹیم نے منگل کو مہاراشٹر پردیش کانگریس ہیڈکوارٹر تلک بھون کا دورہ کیا تاکہ صدارتی الیکشن کی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔

اس موقع پر سینٹرل الیکشن اتھارٹی کے رکن اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری بی پی سنگھ نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں صدر کا انتخاب ہمیشہ جمہوری طریقے سے ہوتا ہے۔ اس طرح ہم اس الیکشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے ممبئی آئے ہیں۔ سنگھ نے یقین ظاہر کیا کہ یہ الیکشن منصفانہ اور پرامن طریقے سے منعقد ہوگا۔

بی پی سنگھ نے مزید کہا کہ 17؍اکتوبر کو تمام اہل ووٹر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دفتر تلک بھون، دادر میں صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹ ڈال سکیں گے۔ اس بار ریاست کے 565علاقائی نمائندگان کے ممبر (پی سی سی) اپنے حق رائے دہی کااستعمال کریں گے۔ ووٹنگ کرتے ہوئے ان ووٹروں کو پارٹی کی جانب سے جاری کردہ شناختی کارڈ اور آدھار کارڈ یا تصویری شناختی کارڈ دکھانا ہوگا۔ دہلی میں ووٹوں کی گنتی 19؍اکتوبرکو ہوگی اور اس کے فوراً بعد نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ سینئر لیڈر اور سابق وزیر ملکارجن کھرگے اور سابق وزیر ایم پی ڈاکٹر ششی تھرور کانگریس صدر کے عہدے کے امیدوار ہیں۔

انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے دہلی سے آئی ٹیم میں سینٹرل الیکشن اتھارٹی کے رکن اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری بی پی سنگھ، ریاستی الیکشن عہدیدار اور سابق مرکزی وزیر پلّم راجو، اسسٹنٹ اسٹیٹ الیکشن آفیسر دنیش کمار، کے۔ ایل پونیا اور نریندر راوت شامل تھے۔