اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات: اے اے پی نے 1 لاکھ نوکریوں اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے کوٹے کا وعدہ کیا
نئی دہلی، ستمبر 19: عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے آج وعدہ کیا کہ اگر ان کی پارٹی 2022 کے اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات میں اقتدار میں آئی تو اتراکھنڈ میں 1 لاکھ نوکریاں پیدا کرے گی۔
کیجریوال نے، جو اپنی پارٹی کے لیے انتخابی مہم چلانے کے لیے ہلدوانی میں ہیں، ریاست میں سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں 80 فیصد نوکریاں نوجوانوں کے لیے مخصوص کرنے کا وعدہ کیا۔
پارٹی کے دیگر اہم انتخابی وعدوں میں بےروزگار نوجوانوں کو اس وقت تک ماہانہ 5 ہزار روپے مہیا کرنا بھی شامل ہے جب تک وہ نوکریاں نہ لیں اور ملازمت اور ہجرت کے امور کے لیے علاحدہ وزارت تشکیل دینے کا وعدہ بھی۔
کیجریوال نے کہا کہ یہ وزارت روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گی، ہجرت کو چیک کرے گی اور اتراکھنڈ چھوڑنے والوں کی واپسی کے لیے سازگار حالات پیدا کرے گی۔
دہلی کے وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ان کی حکومت نے قومی دارالحکومت میں جاب پورٹل کے ساتھ تجربہ کیا ہے۔ کیجریوال نے کہا ’’کووڈ 19 بحران کے دوران بہت سے لوگوں نے اپنی ملازمتیں کھو دیں۔ اس جاب پورٹل نے 10 لاکھ ملازمتوں کا اشتہار دیا۔ ہم اتراکھنڈ کے لیے ایک ایسا ہی پورٹل بنائیں گے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جب یہ پوچھا گیا کہ کیا اتراکھنڈ کی کمزور معاشی صورت حال کے پیش نظر مفت بجلی فراہم کرنا ممکن ہے تو کیجریوال نے کہا کہ حکومت کے پاس ایسا کرنے کی قوت ہونی چاہیے۔
انھوں نے مزید کہا ’’اور ہم نے نئی دہلی میں مفت بجلی دے کر اسے کر دکھایا ہے۔‘‘
کیجریوال نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو اتراکھنڈ میں کثرت سے وزیراعلیٰ تبدیل کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
تیرتھ سنگھ راوت کے استعفیٰ کے بعد بی جے پی نے جولائی میں پشکر سنگھ دھامی کو نیا وزیر اعلیٰ مقرر کیا۔ راوت چار ماہ سے بھی کم عرصے تک اس عہدے پر فائز رہے۔ راوت کے پیشرو ترویندر سنگھ راوت نے 9 مارچ کو استعفیٰ دے دیا تھا۔
ریاست میں اعلیٰ عہدے میں فوری تبدیلی پر ردعمل دیتے ہوئے کیجریوال نے کہا ’’اگر آپ بی جے پی کو ووٹ دیتے ہیں تو آپ کو ہر ماہ ایک نیا وزیر اعلیٰ ملے گا۔ لیکن اگر آپ عام آدمی پارٹی کی حمایت کرتے ہیں تو آپ کو پانچ سال کے لیے مستحکم وزیر اعلیٰ ملے گا جو آپ کے بچوں کو نوکریاں فراہم کرے گا۔‘‘