چرنجیت سنگھ چنّی پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ نامزد

نئی دہلی، ستمبر 19: کانگریس لیڈر چرنجیت سنگھ چنّی کو پارٹی نے پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور چننے کا اعلان کیا ہے۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری ہریش راوت نے ٹویٹ کیا ’’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہے کہ چرنجیت سنگھ چنّی کو متفقہ طور پر پنجاب کی کانگریس قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔‘‘

58 سالہ چنّی ریاست کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے والے پہلے دلت لیڈر ہیں۔ وہ پنجاب کے ٹیکنیکل ایجوکیشن منسٹر اور چمکور صاحب حلقے سے ایم ایل اے ہیں۔

ہفتہ کو امریندر سنگھ نے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے ساتھ ہی اسمبلی انتخابات سے چند ماہ قبل پنجاب کانگریس کو ایک بحران میں ڈال دیا تھا۔

سنگھ نے نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ تلخ جھگڑے کے بعد اعلیٰ عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جنھیں جولائی میں پنجاب کانگریس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ کانگریس لیڈر سکھجیندر سنگھ رندھاوا کو نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا جائے گا۔ دی ٹریبیون کے مطابق سدھو، رندھاوا کو وزیراعلیٰ منتخب کرنے کے حق میں نہیں تھے۔

اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق رندھاوا نے کہا کہ وہ مایوس نہیں ہوئے کہ پارٹی نے چنّی کو منتخب کیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ ہائی کمان کا فیصلہ ہے۔ ’’میں اس کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ چنّی میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہے۔‘‘

پنجاب کانگریس کے سربراہ سنیل جاکھر، سدھو اور پارٹی کے لوک سبھا رکن پارلیمنٹ رَونیت سنگھ بٹو بھی وزیر اعلیٰ بننے کے دعویداروں میں شامل تھے۔

اتوار کی صبح کانگریس کی راجیہ سبھا کی رکن اسمبلی امبیکا سونی نے بھی کہا کہ انھیں اس عہدے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انھوں نے یہ کہتے ہوئے اسے ٹھکرا دیا کہ پنجاب میں ایک سکھ وزیراعلیٰ ہونا چاہیے۔