امریکہ: کیلیفورنیا کی اسمبلی نے ذات پات کے امتیاز پر پابندی کا بل منظور کرلیا، وہاں مقیم ہندو گروپ نے اسے کیلیفورنیا کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا
نئی دہلی، اگست 29: کیلیفورنیا کی اسمبلی نے پیر کے روز ذات پات کی تفریق پر پابندی کا بل منظور کرتے ہوئے اسے ریاستہائے متحدہ میں اس طرح کا پہلا قانون نافذ کرنے کے لیے ایک قدم آگے بڑھایا۔
بل کو 55-3 کی بھاری اکثریت سے منظور کیا گیا تھا اور اب اسے ریاستی سینیٹ کو واپس بھیجا جائے گا، جس نے اس کے پہلے ورژن کو متفقہ ووٹ کے لیے منظور کیا تھا۔ سینیٹ سے بل کی منظوری کے بعد اسے گورنر گیون نیوزوم کو بھیجا جائے گا۔ نیوزوم کے دستخط کے بعد یہ بل قانون بن جائے گا۔
23 مارچ کو ڈیموکریٹک پارٹی کی ریاستی سینیٹر عائشہ وہاب نے کیلیفورنیا کی اسمبلی میں یہ بل پیش کیا تھا۔ وہاب ریاستی مقننہ کے لیے منتخب ہونے والی پہلی مسلمان اور افغان نژاد امریکی ہیں۔ بل پیش کرتے ہوئے وہاب نے کہا تھا کہ ذات پات کی تفریق سماجی انصاف اور شہری حقوق سے انکار کا معاملہ ہے۔
’’نسب کی بنیاد پر امتیازی سلوک‘‘ کے عنوان سے اس بل میں نسب کی تعریف اس طرح کی گئی ہے کہ نسب، وراثت، ولدیت، ذات، یا کسی وراثت میں ملنے والی سماجی حیثیت کسی کو بس وہیں تک محدود نہیں کرتی ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ ’’کسی شخص پر نسب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا الزام لگانے اور دیگر محفوظ خصوصیات کی بنیاد پر امتیازی سلوک کرنے سے کوئی چیز نہیں روکتی ہے۔‘‘
اس بل کا مقصد کیلیفورنیا کے انروہ سول رائٹس ایکٹ، تعلیم اور ہاؤسنگ کوڈز پر نظرثانی کرنا ہے، جس سے ذات کو نسب کے تحت ایک محفوظ زمرہ کے طور پر شامل کیا جائے۔
فروری میں سیٹل ریاستہائے متحدہ کا پہلا شہر بن گیا تھا جس نے ذات پات کے امتیاز پر پابندی عائد کی تھی۔ شہر کی مقامی کونسل نے اپنے غیر امتیازی قوانین کے تحت ذات کو شامل کرنے کے لیے ووٹ دیا تھا۔ کونسل نے سیئٹل کی واحد بھارتی نژاد امریکی سٹی کونسلر کشما ساونت کی طرف سے پیش کردہ قرارداد پر ووٹ دیا تھا۔
دریں اثنا امریکہ میں مقیم ہندو گروپ نے اسے کیلیفورنیا کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دے دیا۔
شمالی امریکہ کے ہندوؤں کے اتحاد نے کہا کہ یہ بل ’’غیر جانبدار نہیں ہے اور خاص طور پر ہندو امریکیوں کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔‘‘
ہندو گروپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’ہم ان 3 بہادر آوازوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے آج ووٹ نہیں دیا اور بہت سے قانون سازوں کا، جنھوں نے ووٹنگ سے پرہیز کیا۔‘‘
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برسوں کے دوران امریکہ میں ذات پات کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، خاص طور پر ٹیکنالوجی کمپنیوں میں کام کرنے والے جنوبی ایشیائی باشندوں میں، جن میں سے اکثر کیلیفورنیا کی سلیکون ویلی میں مقیم ہیں۔
جولائی 2020 میں کیلیفورنیا کے شہری حقوق کے محکمے کے ایک مقدمے میں الزام لگایا گیا تھا کہ ٹیکنالوجی کمپنی سسکو کے ایک دلت انجینئر کو کام کی جگہ پر اپنے دو سپروائزروں، سندر ائیر اور رمانا کومپیلا کی طرف سے ذات پات پر مبنی امتیاز کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس کمپنی کے خلاف ابھی قانونی چارہ جوئی جاری ہے۔
ایک اور واقعہ میں گوگل نے گذشتہ سال سونداراجن کی طرف سے ذات پات کے امتیاز کے بارے میں گفتگو کو منسوخ کر دیا تھا جب ٹیکنالوجی کمپنی میں کچھ جنوبی ایشیائی ملازمین نے کہا تھا کہ دلت حقوق کی حمایت کرنا ’’ہندو فوبیا‘‘ ہے۔
اکتوبر میں دو ہندو پروفیسروں نے کیلیفورنیا کے ریاستی حکام کے خلاف امتیازی سلوک مخالف پالیسی میں ذات کو شامل کرنے کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا۔