یوپی پولیس نے مودی کے بارے میں یوٹیوب پر ویڈیوز پوسٹ کرنے پر ایک شخص کو چنئی سے گرفتار کیا
نئی دہلی، اگست 16: دی نیوز منٹ کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش پولیس نے ہفتہ کے روز ایک 62 سالہ شخص کو چنئی سے مبینہ طور پر وزیراعظم نریندر مودی کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کرنے پر گرفتار کیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار شخص، جس کی شناخت منموہن مشرا کے نام سے ہوئی ہے، کا تعلق اتر پردیش کے جونپور ضلع سے ہے لیکن وہ تقریباً 35 سال قبل چنئی منتقل ہوا تھا۔
دی نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق کچھ نامعلوم افراد نے اتر پردیش کے کوتوالی تھانے میں شکایت درج کی تھی اور مشرا کے ذریعے اس کے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز پر اعتراض کیا تھا۔ ویڈیو اترپردیش میں مقبول تھے کیوں کہ مشرا نے ان میں ہندی میں بات کی تھی۔
ایک نامعلوم پولیس افسر نے دی نیو انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’منموہن، پین کارڈ اور آدھار کارڈ بنوانے والے ایجنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر بہت متحرک ہے اور اکثر یوٹیوب پر مرکزی حکومت اور مودی پر تنقید کرتے ہوئے ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں۔‘‘
اپنی بیشتر ویڈیوز میں مشرا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کو کورونا وائرس وبائی مرض کی دوسری لہر سے نمٹنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ ایک اور ویڈیو میں مشرا نے کہا کہ مودی کو استعفیٰ دینا چاہیے کیونکہ وہ صحت کے بحران کے دوران لوگوں کی مدد کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
دی نیوز منٹ کی رپورٹ کے مطابق چنئی کے مادھوارام پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ کمشنر ارول سنتھوسا مٹھو نے بتایا کہ اترپردیش کے افسران کی ایک ٹیم جمعہ کو چنئی پہنچی تھی۔
مادھوارام مجسٹریٹ کورٹ نے اترپردیش پولیس کو ٹرانزٹ ریمانڈ دیا۔ طبی معائنے کے بعد مشرا کو اتر پردیش لے جایا گیا۔ تاہم ان کے خلاف الزامات ابھی تک معلوم نہیں ہیں۔