اترپردیش پولیس نے پیغمبر اسلام کے بارے میں گستاخانہ تبصروں کے خلاف مظاہروں کے لیے 304 افراد کو گرفتار کیا

نئی دہلی، جون 12: پی ٹی آئی نے اتوار کو اطلاع دی کہ پیغمبر اسلام کے بارے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے دو ترجمانوں کی طرف سے کیے گئے گستاخانہ تبصروں پر احتجاج کے دوران ریاست کے کئی حصوں میں جمعہ کو ہونے والے تشدد کے سلسلے میں اتر پردیش پولیس نے آٹھ اضلاع سے 304 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

جمعہ کو دہلی، اتر پردیش، جھارکھنڈ، کرناٹک، مغربی بنگال، حیدرآباد سمیت دیگر مقامات پر مظاہرے ہوئے۔

اتر پردیش میں سہارنپور، مرادآباد، پریاگ راج اور دیگر شہروں میں احتجاج پھوٹ پڑا۔ نماز جمعہ کے بعد پریاگ راج کے اٹالہ علاقے میں مظاہرین نے نعرے لگائے۔

سہارنپور میں مظاہرین نے شرما کے لیے موت کی سزا کا مطالبہ کیا۔

پی ٹی آئی نے رپورٹ کیا کہ پریاگ راج میں ایک ہجوم نے مبینہ طور پر چند موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ پولیس کی گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس کو بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کا سہارا لینا پڑا۔ اہلکار نے بتایا کہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔

اتوار کو ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (امن و امان) پرشانت کمار نے کہا کہ اتر پردیش میں تشدد کے سلسلے میں نو اضلاع میں 13 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

کمار نے کہا ’’پریاگ راج میں 91، سہارنپور میں 71، ہاتھرس میں 51، امبیڈکر نگر اور مرادآباد میں 34، فیروز آباد میں 15، علی گڑھ میں چھ اور جالون میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔‘‘

بی جے پی کی معطل ترجمان نپور شرما نے 26 مئی کو ٹائمز ناؤ ٹیلی ویژن چینل پر ایک مباحثے کے دوران پیغمبر اسلام کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کیے تھے۔ اسی دوران بی جے پی کی دہلی یونٹ کے میڈیا ہیڈ نوین جندل نے یکم جون کو ایک ٹویٹ پوسٹ کیا تھا۔

بہت سے مسلم اکثریتی ممالک نے ہندوستانی سفیروں کو ان تبصروں کی مذمت میں سرکاری بیانات دینے کے لیے طلب کیا۔

5 جون کو بی جے پی نے شرما کو معطل کر دیا تھا اور سفارتی ردعمل کے بعد جندل کو نکال دیا تھا۔

دریں اثنا پی ٹی آئی نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی کہ دہلی پولیس نے ہفتہ کو جامع مسجد کے باہر بغیر اجازت احتجاج کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔

ملزمان کی شناخت مسجد کے قریب رہنے والے 43 سالہ محمد ندیم اور ترکمان گیٹ کے علاقے کے رہائشی 37 سالہ فہیم کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ جمعہ کے روز تقریباً 1500 لوگ جامع مسجد میں نماز کے لیے جمع ہوئے تھے۔ نماز کے بعد تقریباً 300 لوگ باہر نکلے اور شرما اور جندل کے تبصروں کے خلاف احتجاج کرنے لگے۔

انھوں نے کہا کہ پولیس مزید مجرموں کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹیج اور موبائل ریکارڈنگ کا جائزہ لے رہی ہے۔

جامع مسجد کے شاہی امام نے وضاحت کی ہے کہ مسجد کمیٹی نے احتجاج کی کال نہیں دی تھی۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین کا تعلق آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین سے ہے۔

دہلی پولیس نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی اور ہندوتوا شدت پسند یتی نرسنگھانند سمیت 31 افراد کے خلاف پہلی معلوماتی رپورٹ درج کی ہے۔

6 جون کو نرسنگھا نند نے کہا تھا کہ وہ 17 جون کو قرآن اور اسلامی تاریخ کی کتابوں کے ساتھ جامع مسجد کا دورہ کریں گے تاکہ مسلمانوں کو دکھائیں کہ وہ پیغمبر محمد کے بارے میں کیا کہتے ہیں۔