یوپی: وکیل اور سماجی کارکن محمد شعیب کو پولیس نے ان کے گھر سے اٹھایا

نئی دہلی، مئی 7: اتر پردیش پولیس نے اتوار کو کارکن اور وکیل محمد شعیب کو ان کے گھر سے اٹھایا۔

ان کی اہلیہ ملکا بی نے لکھنؤ کے امین آباد پولیس اسٹیشن کو لکھے ایک خط میں کہا کہ شعیب کو صبح 7.15 بجے کے قریب پولس اہلکاروں کے ایک گروپ کے ذریعے لے جایا گیا۔ ملکا نے کہا کہ اہلکاروں نے انھیں نہیں بتایا کہ انھوں نے شعیب کو کیوں اٹھایا۔

ملکا بی نے دی اسکرول کو بتایا ’’جب پولیس ہمارے گھر پہنچی تو میرے شوہر سو رہے تھے۔ سادہ کپڑوں میں چھ سے سات اہلکار اور تین یونیفارم میں تھے۔ میرے شوہر نے کچھ بھی نہیں کیا۔ مجھے نہیں معلوم کہ اسے کیوں لے جایا گیا ہے۔‘‘

ملکا بی نے لکھنؤ پولیس کو بتایا کہ شعیب پچھلے 15 سالوں سے ہائی بلڈ پریشر کے شکار ہیں اور پچھلے چھ ماہ سے بیمار ہیں۔

شعیب ’رہائی منچ‘ نامی تنظیم کے بانی ہیں، جو پسماندہ کمیونٹیز کو قانونی مدد فراہم کرتی ہے۔ دسمبر 2019 میں انھیں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہروں کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انھیں 15 جنوری 2020 کو ضمانت ملی تھی۔