مرکزی کابینہ نے دہلی کے تین شہری اداروں کو ضم کرنے کے بل کو منظوری دے دی
نئی دہلی، مارچ 22: مرکزی کابینہ نے منگل کو دہلی کی تین میونسپل کارپوریشنوں کو ضم کرنے کے بل کو منظوری دے دی۔ پی ٹی آئی کے مطابق دہلی میونسپل کارپوریشن (ترمیمی) بل کو پارلیمنٹ میں جاری بجٹ اجلاس کے دوران پیش کیے جانے کی امید ہے۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کو 2012 میں اس وقت کی شیلا دکشت کی قیادت والی کانگریس حکومت نے جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن، شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن، اور مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن میں تقسیم کر دیا تھا۔
عام آدمی پارٹی کی جانب سے 17 مارچ کو دہلی بلدیہ کے انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور تیز رفتار طریقے سے، مرکز کی مداخلت کے بغیر منعقد کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو ہدایت دینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے بعد اس بل کو منظور کیا گیا ہے۔
میونسپل کارپوریشن کے انتخابات اپریل میں ہونے تھے۔ تاہم 9 مارچ کو الیکشن کمیشن نے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کی ایک مواصلت کا حوالہ دیتے ہوئے پولنگ کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا۔
منگل کو عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے اور قومی ترجمان سوربھ بھاردواج نے شہری اداروں کے انضمام کے بل کو انتخابات میں مزید تاخیر کرنے کی ایک چال قرار دیا۔
ایک پریس کانفرنس میں پارٹی کی ایک اور ایم ایل اے آتشی نے کہا کہ اس معاملے پر پہلے توجہ دی جانی چاہیے تھی کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی دہلی کے میونسپل کارپوریشنوں میں پچھلے 15 سالوں سے اور مرکز میں سات سالوں سے اقتدار میں ہے۔
انھوں نے الزام لگایا کہ یہ بل شہری اداروں کے انتخابات میں تاخیر کا ایک حربہ ہے۔ آتشی نے کہا کہ بی جے پی کو پنجاب کے انتخابی نتائج کو دیکھنے کے بعد شہری اداروں کے اتحاد کا خیال آیا، جہاں عام آدمی پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے۔