بی جے پی اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ سے متعلق اپنا انتخابی وعدہ پورا کرے گی: پشکر دھامی

نئی دہلی، مارچ 22: پشکر سنگھ دھامی، جو بدھ کو دوسری مدت کے لیے اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے، نے کہا کہ یکساں سول کوڈ متعارف کرانا ان کی حکومت کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

دھامی نے پیر کو کہا کہ ’’ہم ان تمام وعدوں کو پورا کریں گے جو ہم نے انتخابات سے پہلے لوگوں سے کیے تھے… ان میں یکساں سول کوڈ ایک اہم وعدہ ہے اور ہم اسے بھی پورا کریں گے‘‘

واضح رہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں پشکر سنگھ دھامی کی ہار کے باوجود ریاست کے وزیر اعلی کے طور پر بی جے پی لیجسلیچر پارٹی نے دھامی کا انتخاب کیا ہے۔

دھامی کھتیما سیٹ سے کانگریس امیدوار بھون چندر کپری سے 6,579 ووٹوں کے فرق سے ہار گئے تھے۔ انھیں حلف اٹھانے کے چھ ماہ کے اندر ضمنی انتخاب میں کسی سیٹ سے منتخب ہونا ہوگا۔ وہ ایک ایسی سیٹ پر مقابلہ کریں گے جسے بی جے پی کے منتخب ایم ایل اے میں سے ایک خالی کر دے گا۔

انتخابات سے قبل بھی دھامی نے دعویٰ کیا تھا کہ اگر میں اقتدار میں آیا تو بی جے پی ریاست میں یکساں سول کوڈ کو متعارف کرانے کا مسودہ تیار کرنے کے لیے ایک پینل تشکیل دے گی۔

پیر کو دھامی نے یہ بھی کہا کہ ان کی پارٹی اتراکھنڈ کو ایک ’’سرکردہ ریاست‘‘ بنائے گی۔

انھوں نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’وزیراعظم نے ہمیں اتراکھنڈ کی ترقی کے لیے اپنا وژن دیا ہے۔ ہم ان کے وژن کے مطابق کام کریں گے اور اتراکھنڈ کو ایک سرکردہ ریاست بنائیں گے جب یہ 2025 میں اپنے وجود کی سلور جوبلی منائے گا۔‘‘