یو جی سی آنرز کی ڈگریوں کے لیے چار سالہ انڈرگریجویٹ کورسز لازمی کرے گا

نئی دہلی، دسمبر 10: انڈر گریجویٹ کورسز میں آنرز کی ڈگری حاصل کرنے کے خواہش مند طلبا کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی جانب سے پیر کو اعلان کیے جانے والے نئے ضوابط کے تحت چار سالہ پروگرام مکمل کرنا ہوگا۔

یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے نصاب اور کریڈٹ فریم ورک کے مسودے کے مطابق ’’طلبہ 120 کریڈٹس کی تکمیل پر تین سالوں میں UG [انڈر گریجویٹ] کی ڈگری حاصل کر سکیں گے اور 160 کریڈٹس کی تکمیل پر چار سال میں UG آنرز کی ڈگری حاصل کر سکیں گے۔‘‘

وہ طلبا جو پہلے ہی تین سالہ انڈرگریجویٹ کورسز میں داخلہ لے چکے ہیں، وہ چار سالہ پروگرام میں داخلے کے اہل ہوں گے۔

مسودے میں کہا گیا ہے ’’یونیورسٹی برج کورسز (بشمول آن لائن) کے ذریعے انھیں توسیعی پروگرام میں منتقلی کے قابل بنا سکتی ہے۔‘‘

چار سالہ پروگرام طلبا کو تین سال سے پہلے کورس سے باہر نکلنے اور بعد میں دوبارہ شامل ہونے کی اجازت بھی دیں گے۔ ان کے پاس کورس سے باہر ہونے کے تین سال کے اندر دوبارہ شامل ہونے کا اختیار ہوگا اور انھیں سات سال کی مقررہ مدت کے اندر اپنی ڈگری مکمل کرنی ہوگی۔

تاہم دہلی یونیورسٹی کے حکام نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ اعزازی ڈگریاں ان طلبا کو بھی دی جائیں گی جو ایک مخصوص ڈسپلن میں تین سالہ انڈرگریجویٹ پروگرام کرتے ہیں۔

وائس چانسلر یوگیش سنگھ نے اخبار کو بتایا ’’ہم UGC کی جانب سے نئے ضابطوں کی منصوبہ بندی کے بارے میں آگاہ تھے۔ لیکن ہم اگست میں ہمارے اپنے تعلیمی اداروں کے منظور کردہ ضوابط پر قائم رہیں گے جس کے تحت طلباء تین سال میں بھی آنرز کے ساتھ گریجویٹ ہو سکتے ہیں۔‘‘

اپنے نئے نصاب اور کریڈٹ فریم ورک کے تحت یونیورسٹی گرانٹس کمیشن نیشنل ایجوکیشن پالیسی 2020 کی سفارشات کو لاگو کرنے کے لیے کوشاں ہے۔