UGC اور AICTE نے ہندوستانی طلبا کو پاکستانی اداروں میں داخلہ نہ لینے کا مشورہ دیا

نئی دہلی، اپریل 23: یو جی سی (یونیورسٹی گرانٹس کمیشن) اور اے آئی سی ٹی ای (آل انڈیا کونسل فور ٹیکنکل ایجوکیشن) نے جمعہ کو ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی طلبا کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پاکستان کے کسی بھی تعلیمی ادارے میں داخلہ نہ لیں۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ جنھوں نے پاکستان کے ڈگری کالجوں میں داخلہ لیا ہے وہ نوکری کے اہل نہیں ہوں گے یا پڑوسی ملک میں حاصل کردہ ڈگریوں کی بنیاد پر بھارت میں اعلی تعلیم حاصل نہیں کر سکیں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے ’’کوئی بھی ہندوستانی شہری یا ہند نژاد غیر ملکی شہری، جو پاکستان کے کسی بھی ڈگری کالج یا تعلیمی ادارے میں داخلہ لینے کا ارادہ رکھتا ہے، اس طرح کے تعلیمی اہلیتوں کی بنیاد پر بھارت میں روزگار یا اعلی تعلیم حاصل کرنے کا اہل نہیں ہو گا۔‘‘

22 جولائی 2021 کو وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بیرونِ ملک پڑھنے والے 11،33،749 بھارتی طلبا میں سے 230 طلبا پاکستان میں تھے۔

تاہم UGC اور AICTE نے ان تارکین وطن اور ان کے بچوں کو اس سے مستثنیٰ رکھا ہے جنھوں نے بھارت کی شہریت حاصل کر لی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’’جن تارکین وطن اور ان کے بچوں نے پاکستان میں اعلی تعلیم کی ڈگری حاصل کی ہے اور ہندوستان کی طرف سے شہریت سے نوازا گیا ہے، وہ وزارت داخلہ سے سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہندوستان میں ملازمت کے اہل ہوں گے۔‘‘