مذہبی جلوس کو ہمیشہ فسادات کی وجہ کے طور پر پیش نہ کریں: سپریم کورٹ

نئی دہلی، دسمبر 10: سپریم کورٹ نے جمعہ کو ریمارکس دیے کہ مذہبی جلوسوں کو ہمیشہ فسادات کی وجہ کے طور پر پیش نہیں کیا جانا چاہیے۔

چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی بنچ نے اس طرح کے جلوسوں کو منظم کرنے اور ان کے انعقاد کے لیے معیاری طریقۂ کار جاری کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔

چندر چوڑ نے پوچھا ’’ہم ہمیشہ یہ کیوں پیش کرنا چاہتے ہیں کہ مذہبی تہوار فسادات کا پیش خیمہ ہیں؟ آئیے ملک میں ہونے والی اچھی چیزوں کو دیکھیں۔ مہاراشٹر دیکھیں گنیش پوجا کے دوران لاکھوں لوگ جمع ہوتے ہیں لیکن فسادات نہیں ہوتے۔‘‘

ججوں نے یہ بھی کہا کہ پٹیشن میں مانگی گئی ہدایات عدالتی طور پر قابل انتظام نہیں ہیں کیوں کہ مذہبی جلوسوں میں امن و امان برقرار رکھنا ریاست کا موضوع ہے۔

ججوں نے پوچھا ’’کشمیر سے کنیا کماری تک، معاملات مختلف ہیں… یہ عدالت اس کی نگرانی کیسے کر سکتی ہے؟‘‘

عرضی گزار کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل سی یو سنگھ نے دلیل دی کہ مذہبی اجتماعات میں تشدد کو روکنے کے لیے صرف سپریم کورٹ ہی کارروائی کر سکتی ہے۔

انھوں نے کہا ’’آج کل لوگ ہتھیاروں، تلواروں اور آتشیں اسلحے کے ساتھ جلوس نکال رہے ہیں۔ حکام مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل نہیں کرتے۔‘‘

تاہم ججوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عدالت کو امن و امان کے ہر پہلو میں نہیں گھسیٹا جا سکتا۔