مدھیہ پردیش: حکومت نے مندر انتظامیہ کو 1988 سے ریاست کے میہار مندر میں کام کرنے والے دو مسلم ملازمین کو ہٹانے کا حکم دیا
نئی دہلی، اپریل 19: مدھیہ پردیش حکومت نے ستنا ضلع کے میہار قصبے میں واقع ماں شاردا مندر کی انتظامیہ کمیٹی کو اپنے دو مسلم ملازمین کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ دونوں مسلمان ملازمین 1988 سے اس مندر میں کام کر رہے ہیں۔ اب وہ ایک حکومت کے ایک حکم نامے کی بنیاد پر اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونے کے لیے تیار ہیں، اس کے باوجود کہ ریاستی حکومت کے قوانین کے مطابق کسی بھی ملازم کو مذہب کی بنیاد پر نہیں ہٹایا جا سکتا۔
مدھیہ پردیش حکومت کے مذہبی ٹرسٹ اور اوقاف کی وزارت نے 17 جنوری کو ان دو مسلم ملازمین کو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ 5 اپریل کو وزارت کے ایک ڈپٹی سکریٹری پشپا کولیش کے دستخط شدہ ایک خط میں ستنا کلکٹر انوراگ ورما کو حکم دیا گیا کہ وہ اس حکم پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
کلکٹر نے، جو مندر کی انتظامیہ کمیٹی کے بھی سربراہ ہیں، کہا کہ قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ وزارت نے کلکٹر کو قصبے سے گوشت اور شراب فروخت کرنے والی دکانوں کو ہٹانے کی ہدایت پر عمل درآمد کرنے کی بھی ہدایت دی تھی۔
دی پتریکا کے مطابق ہندوتوا تنظیموں وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے ارکان کی جانب سے مدھیہ پردیش کی وزیر برائے مذہبی ٹرسٹ اور اوقاف اوشا سنگھ ٹھاکر کو ایک میمورنڈم پیش کرنے کے بعد یہ احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
یکم مارچ کو وزیر نے اس میمورنڈم کا نوٹس لیا اور عہدیداروں کو اس معاملے میں فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔
میہار کا قصبہ طویل عرصے سے موسیقار بابا علاؤالدین خان سے منسوب رہا ہے، جو اکثر ماں شاردا مندر میں دیوتا کے سامنے سرود بجاتے تھے۔ کئی مشہور کلاسیکی موسیقار بشمول روی شنکر، نکھل بنرجی، اناپورنا دیوی اور علی اکبر خان وغیرہ، علاؤ الدین خان کے شاگرد تھے۔