بانڈی پورہ میں لشکر طیبہ کے دو معاونین گرفتار، اسلحہ و گولہ بارود بر آمد: پولیس
نئی دہلی، اگست 25: پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں پاکستانی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ عسکریت پسندوں کے دومعاونین کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بر آمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو بانڈی پورہ کے پیٹھہ کوٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں لشکر طیبہ سے وابستہ کچھ جنگجو معاونین کی نقل و حرکت کے متعلق ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بانڈی پورہ پولیس اور 26 آسام رائفلز کی ایک مشترکہ ٹیم نے لال قلعہ موڑ پیٹھہ کوٹ پر ناکے کے دوران عسکریت پسندوں کے دومعاوونین کو گرفتار کیا۔
بیان میں کہا گیا: ‘گرفتار شدہ معاونین ایک سفید اسکارپیو گاڑی زیر نمبر JK05H – 0622 میں سفر کر رہے تھے’۔
گرفتار شدگان کی شناخت محمد یوسف وانی ولد غلام رسول وانی ساکن پیٹھہ کوٹ بانڈی پورہ اور منظور احمد شاہ ولد عبدالاحد شاہ ساکن باغ بانڈی پورہ کے بطور ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق گرفتار شدگان کی تحویل سے 3 پستول،پستول کی تین میگزین اور 5 ہینڈ گریینڈ بر آمد کئے گئے۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار شدگان لشکر طیبہ کے سرگرم جنگجوؤں کے ساتھ رابطے میں تھے اور وہ ضلعے میں عسکریت پسندی کو فروغ دینے اور نوجوانوں کو ورغلا کر جنگجوؤں کی صفوں میں شمولیت اختیار کرنے کے لئے تیار کرنے کے کام پر مامور تھے۔
انہوں نے کہا کہ عسکریت پسند وں کے ان معاونین کی بر وقت گرفتاری سے ضلع میں ایک بڑی کارروائی کو روکا جا سکا ہے۔پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہیں۔