لوگوں کا بھروسہ میری حفاظتی ڈھال ہے، اپوزیشن کی گالیوں اور الزامات کا کوئی اثر نہیں پڑے گا: نریندر مودی
نئی دہلی، فروری 8: وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز لوک سبھا میں جارحانہ انداز میں کہا کہ کروڑوں لوگوں کا بھروسہ ان کی حفاظتی ڈھال ہے اور اپوزیشن کے جھوٹے الزامات سے اس کو توڑا نہیں جاسکتا۔
لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کے دوران بحث کا جواب دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ایک صدی میں ایک بار کی وبائی بیماری اور تنازعات کی وجہ سے دنیا کے کچھ حصوں میں عدم استحکام کے درمیان دنیا امید کے ساتھ ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے۔
مودی نے اپوزیشن کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ’’لیکن کچھ لوگ جو مایوسی میں ڈوبے ہوئے ہیں، ہندوستان کی ترقی کی کہانی کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں۔ وہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی کامیابیوں کو نہیں دیکھ سکتے۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ لوگ جانتے ہیں کہ ’’مودی بحران کے وقت ان کی مدد کے لیے آیا ہے۔ وہ آپ کی گالیوں اور الزامات سے کیسے اتفاق کریں گے۔‘‘
مودی نے کہا ’’لوگ مودی پر بھروسہ اخبارات کی سرخیوں یا ٹیلی ویژن کی خبروں کی وجہ سے نہیں کرتے بلکہ عوام کی خدمت میں میری برسوں کی لگن کی وجہ سے کرتے ہیں۔‘‘
مودی کی تقریر کے دوران جہاں بی جے پی کے اراکین نے ’’مودی، مودی‘‘ کے نعرے لگائے، وہیں اپوزیشن کے ارکان نے بی جے پی ارکان کا مقابلہ کرنے کے لیے ’اڈانی، اڈانی‘ کے نعرے لگائے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی سمیت اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ نے بحث کے دوران اڈانی-ہنڈن برگ کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے حکومت کو نشانہ بنایا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن نے تعمیری تنقید میں ملوث ہونے کے بجائے بے بنیاد الزامات لگانے میں گذشتہ نو سال ضائع کیے ہیں۔
مودی نے کہا ’’جب آپ الیکشن ہارتے ہیں تو ای وی ایم پر الزام لگاتے ہیں، الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہیں، اگر سپریم کورٹ آپ کے مطابق فیصلہ نہیں دیتی ہے تو سپریم کورٹ پر تنقید کرتے ہیں۔‘‘
مودی نے مزید کہا ’’اگر بدعنوانی کی تحقیقات ہو رہی ہے تو تحقیقاتی ایجنسیوں کو گالی دیتے ہیں۔ اگر فوج بہادری کا مظاہرہ کرتی ہے، تو مسلح افواج کو گالی دیتے ہیں، ان کے خلاف الزامات لگاتے ہیں۔ جب معاشی ترقی کی بات ہو تو آر بی آئی پر تنقید کرتے ہیں۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ ’’گذشتہ نو سالوں میں زبردستی کی تنقید نے تعمیری تنقید کی جگہ لے لی ہے۔‘‘
انھوں نے یو پی اے کے 10 سال کے اقتدار کو ہندوستان کی ’’گم شدہ دہائی‘‘ قرار دیا۔
مودی نے کہا کہ 2014 سے پہلے کی دہائی کو ہمیشہ ’’گمشدہ دہائی‘‘ کے طور پر یاد رکھا جائے گا، لیکن 2030 کی دہائی ہندوستان کی دہائی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان ایک مینوفیکچرنگ ہب کے طور پر ابھر رہا ہے اور دنیا اب اس کی خوش حالی کو ملک کی ترقی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ صدر دروپدی مرمو کا پارلیمنٹ سے خطاب ہر ایک کے لیے ایک تحریک ہے۔
وہیں مودی کی تقریر کے دوران نعرے لگاتے ہوئے، بی آر ایس کے ارکان، بائیں بازو کی جماعتوں اور کانگریس کے کچھ ارکان نے احتجاجاً لوک سبھا سے واک آؤٹ بھی کیا۔