14 فروری کو ’Cow Hug Day‘ منائیں، اینیمل ویلفیئر بورڈ کی اپیل

نئی دہلی، فروری 8: اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا نے گائے ہندوستانی ثقافت کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر بیان کرتے ہوئے پیر کو شہریوں پر زور دیا کہ وہ 14 فروری کو’’گائے سے گلے ملنے کا دن‘‘ (Cow Hug Day) کے طور پر منائیں۔

بورڈ نے ویلنٹائن ڈے کا خاص طور پر ذکر نہیں کیا، جو کہ اسی دن منایا جاتا ہے، لیکن سوشل میڈیا صارفین کا ماننا ہے کہ یہ کوئی اتفاق نہیں ہے اور بورڈ ویلنٹائن ڈے کی جگہ یہ دن منانے کے لیے کہہ رہا ہے۔

گذشتہ کئی سالوں سے ویلنٹائن ڈے کی تقریبات کو ہندوستان میں مذہبی قدامت پسندوں کی مخالفت کا سامنا ہے۔ ہندوتوا گروپس کی طرف سے جوڑوں پر حملے آئے دن اکثر رپورٹ ہوتے ہیں۔

اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا نے، جو کہ مرکزی وزارت برائے ماہی پروری، حیوانات اور ڈیری کے تحت آتا ہے، پیر کو اپنی اپیل میں دعویٰ کیا کہ گائے کو گلے لگانے سے ’’جذباتی خوش حالی‘‘ آئے گی اور ’’ہماری انفرادی اور اجتماعی خوشی میں اضافہ ہوگا۔‘‘

قانونی مشاورتی ادارے نے گائے سے محبت کرنے والوں سے کہا کہ وہ 14 فروری کو گائے سے گلے ملنے کے دن کے طور پر منائیں اور ’’ماں گائے کی اہمیت کو ذہن میں رکھتے ہوئے زندگی کو خوشگوار اور مثبت توانائی سے بھرپور بنائیں۔‘‘

بورڈ نے دعویٰ کیا کہ مغربی ثقافت کے پھیلاؤ کی وجہ سے ویدک روایات ’’تقریباً معدوم ہونے کے دہانے پر ہیں۔‘‘

اس نے مزید کہا کہ ’’مغربی تہذیب کی چکا چوند نے ہماری قدیم ثقافت اور ورثے کو تقریباً فراموش کر دیا ہے۔‘‘

حالیہ برسوں میں مذہبی رہنما آسارام کے پیروکاروں نے بھی ہندوستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ 14 فروری کو ’’ماتری پترو پوجن دِوس‘‘ یعنی والدین کی پوجا کے دن کے طور پر منائیں۔