اندور مندر حادثہ: مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 35 ہوئی
نئی دہلی، مارچ 31: اندور کے ایک مندر میں فرش دھنسنے کے واقعے میں جمعہ کو مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 35 ہو گئی۔ اندور کے کلکٹر ڈاکٹر الیاراجا ٹی نے کہا کہ تلاشی ٹیموں نے اب تک 14 افراد کو بچایا ہے۔
بیلیشور مہادیو جھولی لال مندر میں ایک زیرِ فرش کنویں کی چھت جمعرات کو رام نومی کے موقع پر ایک رسم کے دوران گر گئی تھی۔
اندور کے کلکٹر نے پی ٹی آئی کو بتایا ’’جائے واقعہ سے 35 افراد کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور فوج کے اہلکاروں کی قیادت میں تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں نفے لاشوں کو نکال لیا ہے۔ ہم ابھی تک ایک لاپتہ شخص کی تلاش کر رہے ہیں۔‘‘
ریسکیو آپریشن جمعرات کی رات 12:30 بجے شروع ہوا تھا اور تاحال جاری ہے۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
چوہان نے کہا ’’میں نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ہدایات دے دی ہیں۔ اس افسوس ناک حادثے کے وقت حکومت ان تمام افراد کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے جنھیں ہم بچا نہیں سکے۔‘‘