سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی کے آئین میں ترمیم کی اجازت دی
نئی دہلی، ستمبر 15: سپریم کورٹ نے آج ہندوستان کے کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کو اپنے آئین میں ترمیم کرنے کی اجازت دے دی۔
اسی فیصلے کے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ کے فیصلے نے بی سی سی آئی کے صدر سوربھ گانگولی اور سکریٹری جے شاہ کے لیے اگلے تین سال تک اپنے اپنے عہدوں پر برقرار رہنے کا راستہ صاف کردیا۔
جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس ہیما کوہلی کی بنچ نے بی سی سی آئی کی سماعت کرتے ہوئے آئین میں اس کی تجویز کردہ ترامیم کی درخواست کو قبول کرلیا۔
عدالت نے بی سی سی آئی کی طرف سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا، سینئر ایڈوکیٹ منیندر سنگھ اور دیگر کے دلائل سننے کے بعد اپنا حکم جاری کیا۔
آئین میں ترمیم کے بعد اب افسران کی مدت زیادہ سے زیادہ 12 سال ہو سکتی ہے۔ افسران ریاستی ایسوسی ایشن کی سطح پر تین سال کی دو میعادوں کے بعد بی سی سی آئی میں بھی تین سال کی مزید دو میعاد کے دوران بھی اپنے عہدوں پر برقرار رہ سکتے ہیں۔
عدالت عظمیٰ نے 2018 میں عدالت کی طرف سے مقرر کردہ جسٹس آر ایم لوڈھا کمیٹی کی تجویز کردہ بڑی اصلاحات کو قبول کرنے کے بعد بی سی سی آئی نے بڑے پیمانے پراصلاحات کیے ہیں ۔