کورونا وائرس کے دوران رواں مالی سال میں ہندوستان میں 10،000 سے زائد کمپنیاں بند ہوئیں: مرکزی حکومت

نئی دہلی، مارچ 9: مرکزی حکومت نے پیر کے روز پارلیمنٹ کو بتایا کہ اس سال 10،000 سے زائد کمپنیوں کو رضاکارانہ طور پر بند کر دیا گیا، جب ملک میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ اور بعد میں ملک گیر لاک ڈاؤن نے ہندوستانی معیشت کو نمایاں طور پر متاثر کیا۔

لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں وزیر خزانہ اور کارپوریٹ امور انورگ ٹھاکر نے کہا کہ مجموعی طور پر 10،113 کمپنیوں کو موجودہ مالی سال میں فروری تک کمپنی ایکٹ 2013 کے سیکشن 248 (2) کے تحت بند کیا گیا۔

سیکشن 248 (2) کا مطلب یہ ہے کہ کمپنیوں نے اپنے کاروبار کو رضاکارانہ طور پر بند کر دیا، کسی مجرمانہ کارروائی کی وجہ سے نہیں.

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ بینی بہنن نے ایک سوال میں 2020 -21 کے دوران کاروبار سے باہر جانے والی رجسٹرڈ کمپنیوں کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

اس کے جواب میں انوراگ ٹھاکر نے یہ اعداد و شمار پیش کیے۔

انھوں نے بتایا کہ وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر سب سے زیادہ 2،394 کمپنیاں دہلی میں بند ہوئیں، جب کہ دوسرے نمبر پر اتر پردیش میں 1،936 کمپنیوں کو بند کیا گیا ہے۔

تمل ناڈو اور مہاراشٹر میں اس مدت میں بالترتیب 1،322 اور 1،279 کمپنیاں بند کی گئی ہیں۔