تمل ناڈو: سیاسی جماعتوں نے 10% EWS کوٹہ فراہم کرنے کے لیے ترمیم کے خلاف قرارداد منظور کی
نئی دہلی، نومبر 12: تمل ناڈو میں سیاسی جماعتوں نے ہفتہ کے روز آئین کی 103ویں ترمیم کو مسترد کر دیا جس نے معاشی طور پر کمزور طبقوں کے افراد کو داخلوں اور ملازمتوں میں 10% کوٹہ دینے کی راہ ہموار کی۔
قرارداد میں کہا گیا ہے ’’ہم 103 ویں آئینی ترمیم کو مسترد کرتے ہیں جو ان ذاتوں کو 10فیصد ریزرویشن فراہم کرتی ہے جنھوں نے ترقی کی ہے کیوں کہ یہ آئین کے ذریعہ تصور کردہ سماجی انصاف کے خلاف ہے، عدالت عظمیٰ کے مختلف فیصلوں کے خلاف ہے، اور غریبوں میں ذات پات کی تفریق پیدا کرنے والی ہے۔‘‘
یہ فیصلہ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ اور ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن کی طرف سے بلائی گئی ایک آل پارٹی میٹنگ کے دوران لیا گیا۔ اپوزیشن آل انڈیا انا دراوڑ منیترا کزگم اور اس کی اتحادی بھارتیہ جنتا پارٹی نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔
شرکت کرنے والوں میں کانگریس، بائیں بازو کی جماعتیں، مرومالارچی دراوڑ منیترا کزگم، ودوتھلائی چروتھائیگل کچی اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کے رکن پٹالی مکل کچی شامل ہیں۔
یہ میٹنگ پیر کو منظور کیے گئے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بحث کے لیے بلائی گئی تھی جس میں اقتصادی طور پر کمزور طبقات کو ریزرویشن دینے کے مرکز کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا تھا۔
آئینی بنچ کے 3-2 فیصلے میں، جسٹس دنیش مہیشوری، بیلا ترویدی اور جے بی پاردی والا نے کوٹہ کو برقرار رکھا تھا، جب کہ یو یو للت، جو اس فیصلے کے وقت چیف جسٹس تھے، اور جسٹس رابندر بھٹ نے اکثریت کی رائے سے اختلاف کیا۔
بدھ کو دراوڑ منیترا کزگم نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کرے گی۔