لکھیم پور کھیری تشدد: عدالت نے آشیش مشرا کے خلاف قتل کے الزامات طے کیے

نئی دہلی، دسمبر 6: لکھیم پور کھیری تشدد کیس میں اتر پردیش کی ایک عدالت نے منگل کو مرکزی وزیر اجے مشرا کے بیٹے آشیش مشرا سمیت 14 افراد کے خلاف الزامات طے کیے ہیں۔

مشرا پر قتل، اقدام قتل، فسادات اور مجرمانہ سازش سمیت متعدد جرائم کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ مقدمے کی سماعت 16 دسمبر سے شروع ہوگی۔

3 اکتوبر کو اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع میں مرکز کے زرعی قوانین کے خلاف، جنھیں اب منسوخ کر دیا گیا ہے، احتجاج کے دوران تشدد پھوٹ پڑنے کے بعد چار کسانوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ کسانوں نے الزام لگایا تھا کہ آشیش مشرا کی گاڑی مظاہرین کے ایک گروپ پر چڑھ گئی تھی۔

مشرا کو اس معاملے میں پہلی بار 9 اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ 10 فروری کو الہ آباد ہائی کورٹ کی طرف سے ضمانت ملنے کے بعد وہ 15 فروری کو جیل سے باہر چلے گئے تھے۔

تاہم تشدد میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ نے ضمانت کے حکم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا، جس نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو پلٹ دیا اور 18 اپریل کو مشرا کی ضمانت منسوخ کردی۔ وہ فی الحال لکھیم پور جیل میں بند ہیں۔

لائیو لاء کی خبر کے مطابق پیر کو لکھیم پور کھیری کی ایک ضلعی عدالت نے ان کی اور دیگر ملزمان کی طرف سے دائر کی گئی ڈسچارج درخواستوں کو مسترد کر دیا تھا۔

منگل کو عدالت نے کہا کہ آشیش مشرا اور 13 دیگر کے خلاف دفعہ 147 (فسادات)، 148 (مہلک ہتھیاروں سے لیس فسادات)، 149، 302 (قتل)، 307 (قتل کی کوشش)، 326 (خطرناک ہتھیاروں سے شدید زخمی کرنا)، 427 (شرارت سے نقصان پہنچانا)، تعزیرات ہند کی دفعہ 120B (مجرمانہ سازش) اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 177کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

ایک اور ملزم وریندر شکلا پر تعزیرات ہند کی دفعہ 201 (ثبوت غائب کرنے) کے تحت الزام عائد کیا گیا ہے۔

دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق پیر کے روز عدالت نے تعزیرات ہند کی دفعہ 34 (مشترکہ نیت کو آگے بڑھانے کے لیے متعدد افراد کی طرف سے کیے گئے اعمال) کو چارج شیٹ سے حذف کر دیا تھا۔

سرکاری وکیل اروند ترپاٹھی نے کہا کہ عدالت نے کہا کہ چوں کہ غیر قانونی اسمبلی کو پہلے ہی الزامات میں سے ایک کے طور پر شامل کیا گیا تھا، اس لیے دفعہ 34 کی ضرورت نہیں تھی۔