سپریم کورٹ آدھار کو ووٹر آئی ڈی کے ساتھ جوڑنے کے مرکز کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی عرضی پر سماعت کے لیے راضی

نئی دہلی، اکتوبر 31: سپریم کورٹ نے پیر کو انتخابی فہرست کے ڈیٹا کو آدھار کارڈ کے ساتھ لنک کرنے کے مرکز کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی ایک عرضی پر سماعت کرنے پر اتفاق کیا۔

جسٹس ایس کے کول اور ابھے ایس اوکا کی ڈویژن بنچ پیر کو میجر جنرل (ریٹائرڈ) ایس جی وومبٹکرے کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کر رہی تھی۔ سینئر وکیل شیام دیوان نے عرضی گزار کی طرف سے پیش ہوتے ہوئے کہا کہ ووٹ کا حق سب سے اہم حقوق میں سے ایک ہے اور اگر کسی فرد کے پاس آدھار کی کمی ہے تو اسے اس سے انکار نہیں کیا جانا چاہیے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے ’’ووٹ ڈالنے کا حق سب سے اہم حقوق میں سے ایک ہے، اور یہ قانون کہتا ہے کہ اگر آدھار موجود ہے، تو ہمیں اسے انتخابی حکام کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔ اور اگر یہ دستیاب نہیں ہے تو دوسرے متبادل دیے جا سکتے ہیں۔ یہ اس عدالت کے فیصلوں کے خلاف ہے۔‘‘

مرکزی حکومت نے 17 جون کو انتخابی قوانین (ترمیمی) ایکٹ، 2021 کے تحت ووٹر لسٹ کو آدھار سے منسلک کرنے کے قانون کو مطلع کیا تھا۔ یہ قانون انتخابی رجسٹریشن افسران کو ان شہریوں کے آدھار نمبر حاصل کرنے کی اجازت دیتا ہے جو ووٹر کے طور پر اندراج کرنا چاہتے ہیں۔

مرکزی حکومت نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ یہ عمل رضاکارانہ ہوگا۔ تاہم کئی ووٹروں کو انتخابی عہدیداروں کی طرف سے کال موصول ہوئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ دونوں کو جوڑنا لازمی ہے۔

حکومت نے دلیل دی ہے کہ دونوں شناختی کارڈز کو جوڑنے کا مقصد ان ووٹروں کو ہٹانا ہے جو متعدد ریاستوں میں انتخابی فہرستوں میں اپنا نام درج کراتے ہیں۔