گجرات میں اقلیتی امور کی وزارت قائم کریں، ایم سی سی کا مطالبہ
احمد آباد، جون 6: گجرات میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ گجرات میں 11.5 فیصد اقلیتوں کی سہولت اور ترقی کے لیے ایک اقلیتی امور کی وزارت قائم کرے۔
یہ مطالبہ 25 مئی 2022 کو لکھے گئے خط میں کیا گیا ہے اور احمد آباد میں مقیم اقلیتی رابطہ کمیٹی (ایم سی سی) کے کنوینر مجاہد نفیس نے گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کو یہ خط بھیجا ہے۔
نفیس نے خط میں لکھا ہے ’’گجرات میں اقلیتی امور کی کوئی وزارت نہیں ہے، اس لیے اقلیتی برادری سے متعلق مختلف محکمے تین مختلف وزارتوں کی نگرانی میں ہیں۔‘‘
جہاں وقف بورڈ کا نظم و نسق قانونی محکمہ کرتا ہے، وہیں ریاستی حج کمیٹی گجرات حکومت کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام ہے۔ اسی طرح سماجی انصاف کا محکمہ، مرکز کی طرف سے اسپانسر شدہ اسکالرشپ اسکیم، 15 پونڈ انٹ پروگرام کے ساتھ ساتھ گجرات اقلیتی مالیاتی ترقیاتی کارپوریشن کی اسکیموں کو نافذ کرتا ہے۔
نفیس نے مزید لکھا ہے ’’گجرات میں 11.5 فیصد اقلیتوں کی ترقی کے لیے فوری طور پر اقلیتی امور کی ایک علاحدہ وزارت قائم کی جانی چاہیے۔ اگر دوسری ریاستوں میں یہ ہو سکتا ہے تو گجرات میں کیوں نہیں۔‘‘
انھوں نے کہا ’’ایک بار وزارت قائم ہونے کے بعد، ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ وقف بورڈ، حج کمیٹی اور گجرات اقلیتی مالیاتی اور کارپوریشن اور دیگر مرکزی منظور شدہ اسکیموں کو ایک وزارت کے تحت لے آئیں۔‘‘
انتظامی نقطۂ نظر سے اور عوام کی سہولت کے لیے اگر اقلیتی امور کے لیے بنائے گئے تمام ادارے کسی ایک وزارت یا کسی محکمے کی سرپرستی میں چلائے جائیں تو انتظامیہ اور عوام الناس کو بھی سہولت میسر آئے گی اور بجٹ میں مخصوص رقم بھی مختص کی جائے گی۔
نفیس نے نشاندہی کی کہ اقلیتی امور کی وزارت نہ ہونے کی وجہ سے گجرات کی 11.5 فیصد اقلیتیں جن میں مسلمان، جین، عیسائی، سکھ، بدھ، پارسی اور یہودی شامل ہیں، ٹھوس ترقیاتی کاموں سے محروم ہیں۔
خط کی کاپیاں ریاستی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سکھرام راٹھوا، ایک سینئر قبائلی رہنما اور کانگریس ایم ایل اے، اور ریاست کے چیف سکریٹری پنکج کمار کو بھی بھیجی گئی ہیں۔