برادریوں کے درمیان دشمنی کو روکنے کے لیے مذہبی رہنماؤں کو اکٹھا ہونا چاہیے: اجیت ڈوبھال
نئی دہی، جولائی 31: پی ٹی آئی کے مطابق قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے ہفتہ کو کہا کہ مذہبی عداوت پورے ملک کو متاثر کرتی ہے اور اسے روکنے کے لیے مختلف عقائد کے رہنماؤں کو اکٹھا ہونا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے دہلی میں اسلامی ثقافتی تنظیم آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے زیر اہتمام بین المذاہب کانفرنس میں کیا۔
ڈوبھال نے کہا ’’کچھ لوگ مذہب کے نام پر دشمنی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جس سے پورے ملک پر برا اثر پڑتا ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ہم اس پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’’مذہبی عداوت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا اور ہر مذہبی ادارے کو ہندوستان کا حصہ محسوس کرنا ہوگا۔ اس میں ہم ایک ہی ساتھ سفر کرتے اور ایک ہی ساتھ ڈوبتے ہیں۔‘‘
قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ غلط فہمیوں کو دور کرنے اور تمام مذہبی گروہوں کو یہ احساس دلانے کی ضرورت ہے کہ وہ ملک کا حصہ ہیں۔