جنید اور ناصر کے قاتلوں کے خلاف راجستھان مسلم فورم کا مظاہرہ، گرفتاری کا مطالبہ

جے پور ،25فروری :۔

راجستھان میں گؤ رکشکوں کے ذریعہ دو مسلم نوجوان جنید اور ناصر کے قاتلوں کے خلاف خاطر خواہ کارروائی نہ کئے جانے کے سبب ہنگامہ جاری ہے۔ایک طرف جہاں قاتلوں کی حمایت میں بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد مہاپنچایت کر کے پولیس  اور انتظامیہ کو کھلے طور پر دھمکی دے رہے ہیں ۔وہیں دوسری جانب اب راجستھان مسلم فورم نے بھی قاتلوں کے خلاف کارروائی کرنے اور گرفتاری کے مطالبہ کو لے کر مظاہرہ کیا ہے ۔

انڈیا ٹو مارو کی رپورٹ کے مطابق  جنید اور ناصر کے بہیمانہ قتل کے ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے راجستھان مسلم فورم کے بینر تلے جے پور کے موتی ڈنگری روڈ پر ایک احتجاجی میٹنگ اور مظاہرے کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی سماجی تنظیموں نے حصہ لیا۔

واضح رہے کہ راجستھان کے بھرت پور ضلع کے گھاٹمیکا گاؤں کے جنید (35) اور ناصر (25) کو چند روز قبل اغوا کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا اور ان کی لاشیں 15 فروری کو ہریانہ کے بھیوانی ضلع میں ایک بولیرو گاڑی میں جلا دی گئی تھیں۔

اس واقعے پر ملک بھر میں احتجاج کیا جا رہا ہے اور ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔راجستھان میں منعقدہ اس مظاہرے میں شامل مختلف سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے مقررین نے جنید اور ناصر قتل کیس کے ملزمان کی گرفتاری میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر منظور کی گئی قراردادوں میں واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام نامزد ملزمین بالخصوص موہت یادو عرف مونو مانیسر کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔تجویز میں معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری، تفتیشی ٹیم میں اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ ایک جج کو شامل کرنے اور فاسٹ ٹریک عدالت میں مقدمہ چلانے کے ساتھ ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔

میوات کے علاقے میں نام نہاد "گور رکشک دل” کام کر رہے ہیں، جو کئی مختلف ناموں سے کام کر رہے ہیں اور کھلے عام جدید ترین ہتھیاروں کی نمائش کر رہے ہیں اور ہتھیاروں کے ساتھ اپنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہے ہیں، یہ سب ہریانہ کے ہیں اور راجستھان حکومتوں کو فوری طور پر غیر قانونی گروہوں پر پابندی لگانی چاہیے۔

اس موقع پر مقررین نے اس بات کی نشاندہی بھی کی کہ میوات کے علاقے میں نام نہاد "گور رکشک دل” کام کر رہے ہیں، جو کئی مختلف ناموں سے کام کر رہے ہیں اور کھلے عام جدید ترین ہتھیاروں کی نمائش کر رہے ہیں اور ہتھیاروں کے ساتھ اپنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کر رہے ہیں، یہ سب ہریانہ کے ہیں اور راجستھان حکومتوں کو فوری طور پر غیر قانونی گروہوں پر پابندی لگانی چاہیے۔مظاہرے میں شامل مقررین کی جانب سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ میوات کے علاقے میں گائے کی اسمگلنگ کے نام پر پولیس معصوم کسانوں اور مویشی پالنے والوں کو ہراساں کرتی ہے، جس پر پابندی لگائی جائے۔

Rajasthan Muslim Forum protest

پروگرام میں دلت مسلم ایکتا منچ کے صدر عبداللطیف آرکو، مسیحی شکتی سمیتی کے صدر فادر وجے پال سنگھ اور جامع مسجد جے پور کے سابق صدر نعیم قریشی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

راجستھان مسلم فورم کے کنوینر شبیر خان کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میں جماعت اسلامی ہند کے ریاستی صدر محمد ناظم الدین، جمعیۃ علماء ہند کے حافظ منظور علی خان، فورم فار ڈیموکریسی اینڈ کمیونل ایمٹی (ایف ڈی سی اے) کے ریاستی صدر سوائی سنگھ، مانو سیوا سنگھ   کی محترمہ درگا،مسلم مسافر خانے کے سکریٹر شوکت قریشی ،ایس ڈی پی آئی کے ریاستی صدر ڈاکٹر شہاب الدین شامل رہے ۔

پروگرام میں شامل تنظیموں میں خاص طور پر شیعہ جامع مسجد کے امام مولانا نازش اکبر کاظمی، راجستھان ملی کونسل کے جنرل سکریٹری عبدالقیوم اختر اور ترجمان ایڈوکیٹ مجاہد علی نقوی، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی صدر وقار احمد، وحدت اسلامی ہند کے ریاستی صدر محمد ساجد صحرائی،جمعیۃ علماء ہند  کے جے پور صدر مفتی محمد شفیق قائم خانی شامل تھے۔

ان تنظیموں کے علاوہ ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (اے پی سی آر) کے ریاستی صدر سید سعادت علی، آل انڈیا کسان مہاسبھا کے ریاستی سکریٹری ڈاکٹر سنجے مادھو، قائم خانی مہاسبھا کے حاجی سعید قائم خانی، امبیڈکرائٹ پارٹی آف انڈیا کے ریاستی صدر ڈاکٹر ڈی کے ہنونیا موجود تھے  ۔