پنجاب اسمبلی انتخابات: بی جے پی نے امریندر سنگھ کی پارٹی اور اکالی دل کے دھڑے کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا
نئی دہلی، دسمبر 27: مرکزی وزیر گجیندر شیکھاوت نے پیر کو میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی، امریندر سنگھ کی پنجاب لوک کانگریس اور سکھدیو سنگھ ڈھنڈسا کی قیادت والی شیرومانی اکالی دل (سنیکت)، پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے ایک کمیٹی بنائے گی۔
دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہائش گاہ پر تینوں پارٹیوں کے رہنماؤں کی میٹنگ کے بعد شیکھاوت نے اتحاد کا باضابطہ اعلان بھی کیا۔ امریندر سنگھ نے اس مہینے کے شروع میں ہی اتحاد کا اعلان کر دیا تھا۔ تاہم سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیٹوں کی تقسیم سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا تھا۔
پیر کو پنجاب کے لیے بی جے پی کے انتخابی انچارج شیکھاوت نے کہا کہ سیٹوں کی تقسیم کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ہر پارٹی کے دو رہنماؤں پر مشتمل ایک مشترکہ کمیٹی بنائی جائے گی۔ شیکھاوت نے یہ بھی کہا کہ اتحاد انتخابات کے لیے ایک مشترکہ منشور جاری کرے گا۔
کانگریس کے سابق رہنما امریندر سنگھ نے پارٹی کے ریاستی صدر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ جھگڑے کے درمیان 18 ستمبر کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
اکتوبر میں انھوں نے کانگریس چھوڑ دی اور پنجاب لوک کانگریس کا آغاز کیا۔ اس وقت سنگھ نے کہا تھا کہ اگر کسانوں کے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے مطالبات کو پورا کیا جاتا ہے تو وہ بی جے پی کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے انتظامات کی امید رکھتے ہیں۔
تینوں زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے ایک سال سے زیادہ کے احتجاج کے بعد انھیں یکم دسمبر کو منسوخ کر دیا گیا۔
دریں اثنا راجیہ سبھا کے رکن سکھ دیو سنگھ ڈھنڈسا نے 2018 میں شیرومانی اکالی دل چھوڑنے کے بعد شیرومانی اکالی دل (سنیکت) کا آغاز کیا تھا۔