’’رات کو کرفیو، دن میں ریلیاں‘‘: بی جے پی کے ورون گاندھی نے یوپی میں انتخابی مہم پر سوال اٹھائے

نئی دہلی، دسمبر 28: بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی نے پیر کو سوال کیا کہ اتر پردیش میں اس وقت انتخابی ریلیوں کی اجازت کیوں دی جارہی ہے جب کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے رات کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔

گاندھی کا یہ بیان اتر پردیش حکومت کی جانب سے رات گیارہ بجے سے صبح پانچ بجے تک نائٹ کرفیو نافذ کرنے کے دو دن بعد آیا ہے۔

اتر پردیش اسمبلی انتخابات اگلے سال کے اوائل میں ہونے کی امید ہے اور ریاست میں بی جے پی سمیت بیشتر بڑی سیاسی جماعتیں وہاں بڑے پیمانے پر ریلیاں کر رہی ہیں۔ ان واقعات کے دوران کووڈ کے رہنما خطوط پر عمل کی کمی نے تنقید کو جنم دیا ہے۔

گاندھی نے ٹویٹر پر کہا ’’رات کو کرفیو لگانا اور دن میں لاکھوں لوگوں کو ریلیوں میں بلانا، یہ عام لوگوں کی سمجھ سے باہر ہے۔ اتر پردیش کے محدود صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے پیش نظر ہمیں ایمان داری سے یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ آیا ہماری ترجیح خوفناک اومیکرون قسم کی ترسیل کو روکنا ہے، یا سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنا ہے۔‘‘

انڈین ایکسپریس کے مطابق پیلی بھیت کے ایم پی نے کہا کہ رات کے کرفیو کا ’’بہت محدود اثر ہوتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ ٹرانسمیشن عام طور پر دن کے وقت ہوتی ہے کیوں کہ رات کے وقت سڑک پر کم لوگ ہوتے ہیں۔ سماجی اجتماعات کو سختی سے کم کرنے کے لیے زور دینا چاہیے جو کووڈ 19 کلسٹرز کے طور پر ابھر سکتے ہیں۔‘‘

گاندھی نے مارچ میں مہاراشٹر حکومت کو مرکز کی ایڈوائزری کا بھی حوالہ دیا جس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر زور دیا گیا تھا۔ گاندھی نے کہا ’’انتظامیہ کو سخت اور موثر روک تھام کی حکمت عملی پر توجہ دینی چاہیے۔ پالیسی سازوں کو عام لوگوں کو گھر میں رہنے کی ترغیب دینے کے لیے سامنے سے رہنمائی کرنی چاہیے۔‘‘

گذشتہ ہفتے الہ آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم نریندر مودی اور الیکشن کمیشن پر زور دیا تھا کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات کو ملتوی کریں اور اومیکرون کے خدشات کے پیش نظر سیاسی ریلیوں پر پابندی عائد کریں۔

جسٹس شیکھر یادو نے کہا کہ اگر ممکن ہو تو فروری میں ہونے والے انتخابات کو ایک یا دو ماہ کے لیے ملتوی کر دیں کیوں کہ اگر ہم زندہ رہے تو انتخابی ریلیاں، میٹنگیں ہوتی رہیں گی۔

الہ آباد ہائی کورٹ کی درخواست کے ایک دن بعد انتخابی ادارے کے سربراہ نے کہا کہ اگلے ہفتے ان کے اتر پردیش کے دورے کے بعد اس بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ ہائی کورٹ کی درخواست کے بارے میں پوچھے جانے پر انھوں نے وبائی امراض کے دوران شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے پول پینل کے ذریعے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔

انھوں نے یقین دلایا کہ الیکشن کمیشن وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنی ’’آئینی حیثیت‘‘ کے مطابق ضروری اقدامات کرے گا۔

پچھلے ہفتے کئی دیگر ریاستوں نے بھی اومیکرون کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان رات کا کرفیو نافذ کیا ہے۔ ان میں دہلی، کرناٹک، مہاراشٹرا اور مدھیہ پردیش شامل ہیں۔