پنجاب اسمبلی انتخابات: بھگونت مان عام آدمی پارٹی کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار، کیجریوال نے کیا اعلان

نئی دہلی، جنوری 18: عام آدمی پارٹی نے آج بھگونت مان کے نام کا پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر اعلان کیا۔

13 جنوری کو پارٹی نے پنجاب کے ووٹروں پر زور دیا تھا کہ وہ انتخابات کے لیے وزیرِ اعلیٰ کے امیدواروں کی سفارش کریں۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے ایک فون نمبر (7074870748) جاری کیا تھا جس پر ووٹر اپنی پسند کے کسی شخص کو وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے طور پر نامزد کرنے کے لیے کال یا پیغام بھیج سکتے تھے۔

کیجریوال نے کہا تھا کہ پارٹی بھگونت مان کو وزیر اعلیٰ کا چہرہ بنانا چاہتی ہے لیکن انھوں نے لوگوں کی پسند پوچھنے کا خیال تجویز کیا۔

آج کیجریوال نے کہا کہ 21 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے پارٹی کے وزیر اعلیٰ کے چہرے کو منتخب کرنے کے لیے ووٹ دیا۔ انھوں نے کہا کہ 93.3 فیصد ووٹ مان کو گئے، جب کہ 3.6 فیصد لوگوں نے کانگریس کی پنجاب یونٹ کے سربراہ نوجوت سنگھ سدھو کو ووٹ دیا۔

بھگونت مان لوک سبھا میں سنگرور حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انھیں 2017 میں پارٹی کی ریاستی اکائی کا سربراہ بنایا گیا تھا۔ سیاست میں آنے سے پہلے بھگوت مان ایک مزاح نگار تھے۔

پنجاب اسمبلی کی 117 نشستوں پر ایک ہی مرحلے میں 20 فروری کو پولنگ ہو گی۔ نتائج کا اعلان 10 مارچ کو کیا جائے گا۔ ریاست میں کانگریس، بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں، عام آدمی پارٹی اور اکالی دل کے درمیان کثیر الجہت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔